اسمگلرز نے بچنے کے لیے کشتی کو آگ لگا دی، ہزار کلو گرام کرسٹل آئس سمندر بُرد

کراچی(قدرت روزنامہ) کھلے سمندر میں محافظوں سے بچنے کے لیے اسمگلرز نے کشتی کو آگ لگا دی، جس کی وجہ سے ہزار کلو گرام کرسٹل آئس سمندر بُرد ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور پاکستان کسٹمز نے کھلے سمندر میں مشترکہ انٹیلیجینس آپریشن کیا، جس میں انھوں نے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات کی کھیپ پکڑ لی، اور اسمگلروں کو بھی دھر لیا گیا۔
میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے دو مختلف کارروائیوں میں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات پکڑی ہے۔

کھلے سمندر میں آپریشن کے دوران منشیات کی بڑی کھیپ کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی، اسمگلرز نے شواہد مٹانے کے لیے کشتی کو آگ بھی لگا دی۔

تاہم میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے کشتی کے عملے کو بچا لیا، آپریشن کے دوران 8 اسمگلرز گرفتار کر کے 15 کلو گرام کرسٹل آئس برآمد کی گئی، جب کہ کشتی اور 1000 کلو گرام کرسٹل آئس سمندر میں ڈوب گئی۔پی ایم ایس اے کے مطابق پکڑی گئی منشیات کی مالیت ساڑھے چار کروڑ روپے ہے۔

میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے گوادر کے سمندر میں بھی ایک اور کارروائی کی، جس میں بھی بھاری مقدار میں منشیات پکڑی گئی، مشکوک کشتی سے 40 لاکھ مالیت کی 28 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔