انڈس ہائی وے پر بس اور ٹرک کا تصادم، خواتین و بچوں سمیت 11 افراد ہلاک

کراچی (قدرت روزنامہ)انڈس ہائی وے پر کراچی جانے والی کوچ اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں تین خواتین اور دو بچوں سمیت 11 افراد ہلاک ہوگئے۔جامشورو کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) جاوید بلوچ نے تصدیق کی کہ کوچ بہاولپور سے آرہی تھی کہ مانجھنڈ کے علاقے ٹھوڑی پھاٹک کے قریب مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔انہوں نے کہا کہ حادثے کے نتیجے میں گیارہ افراد ہلاک ہوئے جن میں 2 بچے، 3 خواتین اور 6 مرد شامل ہیں جبکہ 13 مسافر زخمی ہیں۔
زخمیوں کو طبی امداد کے لیے لیاقت یونیورسٹی ہسپتال (ایل یو ایچ) جامشورو برانچ منتقل کردیا گیا۔اس سے قبل 16 اگست کو کراچی آنے والی 2 مسافر بسوں کو پیش آنے والے 2 علیحدہ علیحدہ حادثات میں 28 افراد جاں بحق اور 26 افراد زخمی ہوگئے تھے۔پہلے حادثے میں ملتان-سکھر موٹروے (ایم-5) پر ایک مسافر بس کے آئل ٹینکر سے تصادم کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے تھے۔
دریں اثنا ایک اور حادثے میں روہڑی کےقریب تیز رفتار کوچ الٹنے سے خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔خیال رہے کہ انڈس ہائی وے پر اکثر و بیشتر مہلک حادثے پیش آتے رہتے ہیں۔رواں برس مئی میں بھی جامشورو میں انڈس ہائی وے پر وین اور ٹرک میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے تھے۔