ایشیائی ترقیاتی بینک کا سیلاب متاثرین کیلئے 2.5 ارب ڈالر امداد کا اعلان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ایشیائی ترقیاتی بینک نے تباہ کن سیلاب سے شدید نقصان پہنچنے کے پیش نظر امدادی سرگرمیوں کے لیے پاکستان کو 2.3 سے 2.5 ارب ڈالر کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔فنانس ڈویژن سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی طرف سے یہ اعلان وزیر خزانہ اسحٰق ڈار اور پاکستان میں بینک کے ڈائریکٹر یونگ یی کے درمیان ملاقات کے بعد کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر یونگ یی نے اسحٰق ڈار کو وزیر خزانہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے تباہ کن سیلاب کے دوران جانی و مالی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا۔


بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹر اے ڈی بی نے کہا کہ اعلان کردہ رقم سے 1.5 ارب ڈالر بلوچستان میں دیہی ترقی اورکمیونٹی کو بااختیار بنانے والے پروگرام کے لیے مختص کیے جائیں گے، جس کی تجویز رواں مہینے بینک کے بورڈ کے سامنے رکھی جائے گی۔یونگ یی نے ملاقات کے دوران بینک کی طرف سے سماجی تحفظ، خوارک کی قلت اور توانائی کے شعبوں میں موجودہ وقت میں جاری اور مستقبل کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان 25-2021 کے لیے کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹجی کے حوالے سے ملاقات میں اس بات پر بھی غور کیا گیا یہ اسٹریٹجی پاکستان کے وژن کے مطابق ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کا خیرمقدم کیا اور ملک میں پائیداری ترقی کے لیے بینک کے کرادار کو سراہا۔اسحٰق ڈار نے وفد کو ملک میں سیلابی تباہی اور اس کے معیشت پر اثرات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔
اسحٰق ڈار نے کہا کہ معیشت کو بہت بڑے چیلنجوں کا سامنا رہا مگر حکومت نے اپنے فیصلوں کے ذریعے معاشی زوال پر قابو پایا اور اب معیشت درست سمت پر گامزن ہے۔وزیر خزانہ نے وفد کے ساتھ حکومت کی ترجیحات بھی سامنے رکھیں۔بعدازاں، وزیر خزانہ نے مسلسل معاونت پر بینک کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور انہیں حکومت کی طرف سے جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔