کراچی میں گرمی کی شدت آج بھی برقرار

کراچی (قدرت روزنامہ)صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج بھی گرمی کا زور برقرار رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں سورج آج بھی آگ برسا رہا ہے، شہر میں تیز دھوپ نے گرمی کی شدت بڑھادی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا موسم آج بھی شدید گرم اور خشک رہے گا جبکہ اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج سمندری ہوائیں معطل رہیں گی جس کے باعث شہر میں 12 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مشرقی صحرائی ہوائیں بھی چلیں گی۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ منگل سے سمندری ہوائیں شہر میں بحال ہونا شروع ہونگی جبکہ آئندہ چوبیس گھنٹے شہر میں بارش کا امکان نہیں ہے۔دوسری جانب آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں گرم اور خشک رہے گا۔اس کے علاوہ شام اور رات کے دوران کشمیر، با لائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گرمی سے خود کو محفوظ بنائیں
گرمی سے خود کو محفوظ بنائیں کے لیے ضروری ہے کہ جسم میں پانی کی کمی کو پورا کیا جائے، جب جسم میں پانی کی کمی پیدا ہوتی ہے تو بار بار پیاس لگتی ہے، معمول سے بہت کم پیشاب آتا ہے اور پیشاب کی رنگت گہری ہو جاتی ہے، جسم بہت جلد تھکاؤٹ کا شکار ہونا شروع ہو جاتا ہے، سر میں درد اور چکر آ سکتے ہیں اور ایسی صورت میں زیادہ سے زیادہ پانی پینا بہت ضروری ہو جاتا ہے۔
خاص طور پر نمک کی کمی کو پورا کرنے کے لیے لیموں کی سکنجبین کا استعمال زیادہ کریں اور اس میں نمک ڈال کر پینا شروع کر دیں، نارنجی کا جوس بھی جسم کو ڈی ہائیڈریٹ ہونے سے بچاتا ہے۔اس کے ساتھ ہی ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں کیونکہ گہرا رنگ سورج کی دھوپ کو اپنے اندر جلدی جذب کرتا ہے اور ایسا کپڑا جلدی گرم ہو جاتا ہے اور دھوپ میں نکلنے سے پہلے اپنے سر کو سفید یا ہلکے رنگ کے کپڑے سے ضرور ڈھانپ لیں۔