ماحولیاتی تبدیلیوں کے مسائل اور ان کے حل کا اجلاس، پاکستان کو نائب صدارت دینے کا اعلان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلیوں اور مسائل کے حل سے متعلق تنظیم (سی۔او۔پی۔27) کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو نائب صدارت دینے کا اعلان کردیا گیا جو کہ اقوام متحدہ کے 195 ممالک میں سے پاکستان کو یہ اعزاز ملا ہے۔‘سی۔او۔پی۔27′ کی صدارت مصر کے پاس ہے جبکہ کانفرنس آف پارٹیز’ (سی۔او۔پی۔27) کی طرف سے اجلاس کے دوران نائب صدارت پاکستان کے لئے بڑا عالمی اعزاز ہے۔
مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے وزیراعظم شہباز شریف کو “سی۔او۔پی۔27” اجلاس کی مشترکہ صدارت کی دعوت بھی دی ہے جبکہ ‘کانفرنس آف پارٹیز’ کا اجلاس شرم الشیخ، مصر میں 6 سے 18 نومبر کو ہوگا جس میں عالمی سربراہان، حکومتوں کے سربراہ، عالمی مالیاتی اداروں اور تھنک ٹینکس کے ذمہ دار شرکت کریں گے۔قوام متحدہ کے زیر اہتمام ماحولیاتی تبدیلیوں کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے یہ 27 واں اجلاس ہوگا۔
حالیہ سیلاب کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس۔سی۔او) کے سربراہان مملکت و حکومت کی کونسل اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں ماحولیاتی تبدیلیوں پر موثر آواز اٹھائی تھی۔ماحولیاتی تبدیلیوں کے مسئلہ کو ‘ایس۔سی۔او’ تنظیم کی سطح پر اٹھانے کی وزیراعظم شہباز شریف کی تجویز کی دیگر ممالک نے تائید کی تھی۔شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت اور حکومت کی کونسل کا اجلاس 15 سے 16 ستمبر کو سمر قند میں ہوا تھا۔