تھرکول پاکستان کا گیم چینجر ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تھرکول پاکستان کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔تفصیلات کے مطابق تھرانرجی لمیٹڈ بلاک ٹو اور تھرکول مائنز فیز ٹو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تھرکول ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے اسلام آبادمیں اجلاس طلب کروں گا جس میں توانائی، گیس ودیگرمنصبوں پراسٹیک ہولڈر سے مشاورت کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تھرمیں حکومتی اقدامات سےلوگوں کوروزگارمل رہاہے جبکہ خواتین آراوپلانٹس کوآپریٹ کررہی ہیں۔وزیراعظم نے بتایا کہ گیس ہماری استطاعت سے باہر ہے، ابھی تک اس کا انتظام نہیں ہوسکا ہے لیکن تھر کے کوئلے سے 300 سال تک بجلی بنائی جاسکتی ہے اور گیس بھی بناسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 6 ماہ میں 24 ارب ڈالر توانائی پر خرچ کرچکے ہیں لیکن اگر 100 فیصد تھرکول سپلائی کیا جائے تو بلین ڈالرز بچ جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ تھر میں بہترین معیار کے پلانٹ ، بوائلر ہیں ، یہاں آلودگی نہیں اور نہ کوئلے کے پلانٹس سے آلودگی پیدا نہیں ہوگی کیونکہ تھرکول جدید ٹیکنالوجی سے تکمیل پانے والامنصوبہ ہے۔وزیراعظم نے بتایا کہ اس وقت تھر میں 175 ملین ٹن کوئلے کے ذخائر موجود ہیں جس سے ملکی معیشت میں غیر معمولی اضافہ ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ پاورپراجیکٹ میں بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 2640میگاواٹ ہوجائے گی اور 10 روپے فی یونٹ بجلی پیدا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ تھر میں ایک وقت تھا زندگی گزارنے کے آثار نہیں تھے لیکن آج یہاں سے بجلی کی پیداوار ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تھرکول منصوبہ علاقےکی ترقی اورخوشحالی کامنصوبہ ہے اور خوشی ہے کہ مشکلات کے باوجود منصوبے کو مکمل کیا گیا۔