سندھ کے پاس پاکستان کے توانائی بحران کا حل موجود ہے، سید مراد علی شاہ

کراچی (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کے پاس پاکستان کے توانائی بحران کا حل موجود ہے۔مراد علی شاہ نے تھر انرجی لمیٹڈ بلاک ٹو اور تھر کول مائنز فیز ٹو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پاکستان کا انرجی باسکٹ ہے، سندھ کے پاس پاکستان کے توانائی بحران کا حل موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں کوئلے اور گیس کے وسیع ذخائر موجود ہیں، ہمیں اس معاملے پر وفاق کے تعاون کی ضرورت ہے۔‘کام جاری رہتا تو منصوبے سے 10ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی ملتی’وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کام جاری رہتا تو منصوبے سے 10ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی ملتی، تھرمیں ذخائر کی دریافت کا سفر 1991 میں شروع ہوا، شہید بے نظیربھٹو نے نعرہ لگایا تھا تھر بدلے گا پاکستان۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ تھر کے کوئلے کو بہت برا بھلا کہا گیا تھا۔ آصف زرداری نے صدربننے سے پہلے کہا تھا یہ منصوبہ ضروری ہے۔
وفاقی اور صوبائی حکومت نے اپنی ذمہ داریاں پوری کی ہیں، بلاول بھٹو
اس سے قبل وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت نے اپنی ذمہ داریاں پوری کی ہیں اگر ذمہ داریاں پوری نہ کرتے تو شاید یہاں تک نہیں پہنچتے۔تھرانرجی لمیٹڈ بلاک ٹو اور تھرکول مائنز فیز ٹو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ اس منصوبے سے ملکی معیشت کو فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی گمان نہیں تھا تھرپار کر کے ریگستان سے کوئلہ درآمد ہوگا لیکن آج تھرپار کر کے ریگستان سے ہم فیصل آباد کی انڈسٹری چلا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ تھرکول منصوبے کے بعد مائننگ کا منصوبہ شروع کیا ہے اور مختلف اضلاع میں ایسے پراجیکٹ شروع کیے جاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تھرکول منصوبے سے تھر کے عوام کو روزگار ملے گا اور تھر کے اس ماڈل کو استعمال کر کے پورے پاکستان کو بدل سکتے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے معیشت کو نقصان پہنچا ہے اور سیلاب سے جہاں نقصان ہوا وہاں کام کرنے کی ضرورت ہے۔