ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارتی اداکارہ، ٹک ٹاکر اور بھارتیہ جنتا پارٹی سے وابستہ سیاستدان سونالی پھوگاٹ کی موت کے کیس میں ایک نیا موڑ آگیا . غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست ہریانہ سے تعلق رکھنے والی سونالی پھوگاٹ کے بہنوئی امن پونیا نے کہا کہ سونالی کی فیملی کو نامعلوم لوگوں کی طرف سے دو خط موصول ہو چکے ہیں، جنہیں تحقیقات میں شامل کیا جانا چاہئیے کیونکہ ان میں سونالی سے متعلق اہم معلومات دی گئی ہے .
انہوں نے کہا کہ ایک ماہ قبل پہلا خط ملا تھا، جس میں بتایا گیا کہ سونالی پھوگاٹ کو قتل کیا گیا ہے اور ان کے قتل کی ڈیل 10 کروڑ روپے میں ہوئی ہے جبکہ دوسرا خط چند دن پہلے ملا ہے،جس میں کچھ سیاستدانوں کے نام بتائے گئے ہیں، جن کا اس واردات سے تعلق ہو سکتا ہے .
امن پونیا کے مطابق سونالی کی بہن روکیش اب آدم پور سے الیکشن لڑیں گی اور ہمارا عام آدمی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہم بھارتیہ جنتا پارٹی سے وابستہ ہیں اور لوگوں سے بات کر کے اس حوالے سے کوئی فیصلہ کریں گے . یاد رہے کہ سونالی پھوگاٹ اگست میں بھارت کے ساحلی شہر گووا میں فیملی کے ہمراہ چھٹیاں منا رہی تھیں، جہاں ہوٹل کے کمرے سے ان کی لاش برآمد ہوئی تھی . پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سونالی کے جسم پر گہرے زخموں کے نشانات تھے .
اس حوالے سے پہلے کہا گیا کہ ادادکارہ کو ہارٹ اٹیک ہوا ہے تاہم دو روز بعد سونالی کے بھائی نے الزام عائد کیا کہ ان کی بہن کے ساتھ ہوٹل میں جنسی زیادتی کی گئی اور بعد میں زہر دے کر قتل کیا گیا، بھائی کے الزام کے بعد سونالی کی مشتبہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں .