پنجاب

مریم نواز کی ہنگامی بنیادوں پر بیرون ملک روانگی کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی ہنگامی بنیادوں پر بیرون ملک روانگی کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔پارٹی قائد نواز شریف نے مریم نواز کو پاکستان چھوڑنے کی کیوں ہدایت دی؟ اسکی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ذرائع ن لیگ کے مطابق نواز شریف عمران خان کے لانگ مارچ کے نتائج تک مریم نواز کو پاکستان سے باہر رکھنے کے خواہاں ہیں۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ لانگ مارچ کی کامیابی کی صورت میں نواز شریف اور مریم نواز وطن واپسی مؤخر ہونے کا امکان ہے، نواز شریف نے اپنی اور مریم کی واپسی مستقبل کی سیاسی صورتحال سے مشروط کر دی۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو ان کے والد اور پارٹی قائد نواز شریف نے فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت کی تھی۔ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے خفیہ اداروں کی رپورٹس میں ظاہر کردہ خدشات پر نواز شریف نے مریم نواز کو لندن طلب کیا۔پارٹی ذرائع نے کہا کہ خفیہ ایجنسیوں کی رپورٹس میں عمران خان کے مجوزہ لانگ مارچ کی ممکنہ کامیابی کے بارے اطلاعات دی گئیں۔
ذرائع ن لیگ کا کہنا ہے کہ مریم نواز قائد کی ہدایت پر پارٹی کی تنظیم نو چھوڑ کر لندن روانہ ہوئیں جبکہ مریم نواز پارٹی کے تنظیم نو کے حوالے سے پنجاب کے مختلف اضلاع کے دورے بھی شیڈول تھے اور مریم نواز نے 16 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم بھی چلانی تھی۔ذرائع کے مطابق مریم نواز کی لندن میں موجودگی سے نواز شریف نے اپنے تمام خاندان کو بیرون ملک محفوظ کر لیا، نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹے و دونوں بیٹیاں اس وقت بیرون ملک قیام پذیر ہیں۔
پارٹی ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف اور ان کے ایک بیٹے حمزہ شہباز اپنے خاندان سمیت پاکستان میں ہیں جبکہ نواز شریف کا سارا خاندان بیرون ملک مقیم ہے۔پارٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ لانگ مارچ کی کامیابی اور وفاقی حکومت کے خاتمے کی صورت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت پارٹی کے پاکستان میں موجود رہنماؤں پر سختی آسکتی ہے۔خیال رہے کہ مریم نواز کو 4 اکتوبر کو دوپہر ڈھائی بجے لاہور ہائیکورٹ سے پاسپورٹ ملا تھا اور 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں مریم نواز 5 اکتوبر کو صبح پونے 10 بجے پاکستان سے روانہ ہو گئی تھیں۔

متعلقہ خبریں