سعد رفیق کا عمران خان کو چیلنج

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے رہنما، وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے سابق وزیرِ اعظم و چیئرمین پی ٹی آئی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اپنی آڈیو ٹیسٹ کروائیں، دعوے نہ کریں۔احتساب عدالت کے باہر خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ عمران خان نے اپنے اقتدار کے لیے گھٹیا سازش بنائی۔
ان کا کہنا ہے کہ صدر عارف علوی نے بھی کہہ دیا ہے کہ کوئی سازش نہیں تھی، عمران خان کی ساری سیاست جھوٹ پر مبنی ہے۔سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عمران خان لوگوں کو گمراہ کرتے اور ریاست کے خلاف اکساتے ہیں، ان کے دورِ حکومت میں ہم پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے دور میں ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، ان کا غیر ملکی سازش کا بیانیہ بھی دم توڑ چکا ہے۔مسلم لیگ ن کے رہنما، وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے سوال اٹھایا کہ کے پی حکومت نے اب تک متاثرینِ سیلاب کے لیے کیا کیا ہے؟
پیراگون ریفرنس، وعدہ معاف گواہ عدالت میں پیش
دوسری جانب لاہور کی احتساب عدالت میں پیراگون ہاؤسنگ ریفرنس پر سماعت کے دوران خواجہ برادران خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق عدالت میں پیش ہوئے۔
ملزمان ندیم ضیاء اور فرحان علی عبوری ضمانت مکمل ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے۔پیرا گون کیس میں وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ بھی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔احتساب عدالت نے پیراگون ریفرنس میں ملزمان کی درخواستِ ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے خواجہ برادران کے کیس میں 2 شریک ملزمان کی عبوری ضمانت میں 28 اکتوبر تک توسیع کر دی۔