پنجابی ایکشن فلم میں کام کرنے کا کبھی نہیں سوچا تھا، ماہرہ خان

لاہور (قدرت روزنامہ)جیو فلمز کی پیشکش، پروڈیوسر عمارہ حکمت اور بلال لاشاری کی ڈائریکشن میں 13 اکتوبر کو ریلیز ہونے والی فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ کی ہیروین سپر اسٹار ماہرہ خان کہتی ہیں کہ پنجابی ایکشن فلم میں کام کرنے کا کبھی نہیں سوچا تھا۔ میرے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ ایک دن پنجابی فلم کی ہیروئن بنوں گی، مولا جٹ سے پہلے زندگی میں کوئی پنجابی فلم نہیں دیکھی۔جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے مولا جٹ کی ہیروئن ماہرہ خان نے کہا کہ بلال لاشاری نے مولاجٹ میں مجھ سے مکھو جٹنی کا دلچسپ اور رومانس سے بھرپور کردار ادا کروایا۔
انہوں نے کہا کہ 2022 میرے لیے بے شمار خوشیاں لے کر آیا ہے، اس برس 3 فلمیں ریلیز ہوں گی۔ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ نئی مولاجٹ میں مکھو جٹنی (ماہرہ خان) نے ہتھیار نہیں اٹھایا، اگر مکھو کے ساتھ فلم میں نا انصافی ہوئی پھر تو ضرور اسلحہ اٹھانے پر مجبور ہو جائے گی۔ پاکستانی سپر اسٹار اداکارہ نے کہا کہ میں نے مولا جٹ سے قبل زندگی میں کوئی پنجابی فلم نہیں دیکھی۔
اپنے کیریئر پر بات کرتے ہوئے ماہرہ کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان سے عاطف اسلم، ہمایوں ںسعید اور فواد خان تک سب ہیروز کے ساتھ فلموں میں بطور ہیروئن کام کیا، ان سب میں کوئی نہ کوئی خاص بات تھی۔ کسی کا اسٹائل اور کسی کی اداکاری نے متاثر کیا۔ان کا کہنا تھا کہ جیو کی فلم بول سے فلموں میں کام کا آغاز کیا اور اب نئی ریلیز ہونے والی فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ بھی جیو کی پیشکش ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ماہرہ خان نے بتایا کہ جب اچھا وقت ہوتا ہے تو شکر کرتی ہوں اور کڑے اور مشکل وقت میں صبر کرتی ہوں، یہ ہی والدین نے سکھایا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مجھ پر حسد کرنے والوں کو کہتی ہوں کہ وہ اپنے کام پر توجہ دیں تو سارے مسائل حل ہو جائیں گے۔انہوں نے ساتھی اداکار فواد خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ان کے ساتھ پہلی مرتبہ کسی فلم میں کام کیا تو وہ دی لیجنڈ آف مولا جٹ ہے، اس سے قبل ہم دونوں نے ہمسفر ڈرامے میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔