مفید چکنائی پر مبنی غذا جِلد کے سرطان سے لڑنے میں مددگار قرار
گرونِنگن(قدرت روزنامہ) ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ مفید چکنائی پر مبنی غذا کا استعمال کینسر سے لڑنے میں مدد دے سکتا ہے۔زیتون کے تیل، گِری دار میوے اور مچھلی کے ساتھ پھلوں، سبزیاں اور سالم اجناس پر مبنی غذااپنے اندر صحت کے لیے متعدد فوائد رکھتی ہے۔
برطانیہ اور نیدرلینڈز کی یونیورسٹی میڈیکل سینٹر گرونِنگن کے محققین نے جِلد کے سرطان میں مبتلا 91 مریضوں کی غذاؤں کا جائزہ لیا۔تحقیق میں بتایا گیا کہ یہ غذا جِلد کے سرطان کے خلاف مریضوں میں مدافعتی نظام کو مزید مؤثر کرتی ہے۔
وہ مریض جنہوں نے مذکورہ بالا غذا کھائی اور ادویات کا استعمال کیں، ان کے بچنے اور علاج کے 12 ماہ بعد پروگریشن فری ہونے کے امکانات زیادہ تھے۔ پروگریشن فری دورانیہ دورانِ علاج یا علاج کے بعد وہ دورانیہ ہوتا ہے جس میں مریض میں بیماری موجود ہوتی ہےلیکن مرض کی حالت نہیں بگڑتی۔
تحقیق کے مصنفہ اور ماہرِ غذائیت لارا بولٹ، جن کا تعلق یونیورسٹی میڈیکل سینٹر گرونِنگن سے ہے، کا کہنا تھا کہ یہ تحقیق مریض کی بیماری اور بقاء کی بہتری کے لیے غذائی لائحہ عمل کے کردار کو سراہتی ہے۔تحقیق میں معلوم ہوا کہ مذکورہ بالا غذا کھانے والوں پر نہ صرف دوا نے بہتر اثر کیا بلکہ ایک سال بعد ان کی حالت میں کسی قسم کی خرابی بھی نہیں آئی۔