پاکستان

حکومت کی بلدیاتی اور ضمنی انتخابات کیلئے فوج، رینجرز اور ایف سی لگانے کی منظوری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت کی جانب سے بلدیاتی اور ضمنی انتخابات کے لئے فوج، رینجرز اور ایف سی لگانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں بلدیاتی اور 11 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے معاملے پر وزارت داخلہ نے انتخابات میں ایف سی، رینجرز اور پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔الیکشن کمیشن کو وزارت داخلہ نے باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے جبکہ وزارت داخلہ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو مراسلہ بھی موصول ہوگیا ہے۔
وزارت داخلہ کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں پاک فوج کوئیک رسپانس فورس کے طور پر تعینات ہوگی جبکہ رینجرز یا ایف سی کے اہلکار تمام پولنگ اسٹیںشنز کے باہر تعینات ہونگے۔ مراسلے میں بتایا گیا کہ ضمنی انتخابات کے لئے تعیناتیاں 15 تا 17 اکتوبر تک ہونگی جبکہ الیکشن کمیشن کی ڈیمانڈ کی مطابق اہلکار فراہم کیے جائیں گے۔
علاوہ ازیں کراچی ڈویژن کے تمام سات اضلاع میں 23 اکتوبر کو شیڈول بلدیاتی انتخابات کے لئے بھی فوج کیو آر ایف پر ہوگی اور سندھ رینجرز کے اہلکار کراچی ڈویژن کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے باہر تعینات ہونگے۔ خیال رہے کہ الیکشن کمیشن اجلاس میں وزارت دفاع اور افواج پاکستان کے نمائندے نے فوج ایف سی اور رینجرز تعینات کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
واضح رہے کہ این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 237 ملیر میں پولنگ 16 اکتوبر کو ہوگی۔علاوہ ازیں این اے 239 کورنگی، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 157 ملتان میں پولنگ 16 اکتوبر کو شیڈول ہے جبکہ پی پی 139 شیخوپورہ، پی پی 241 بہاولنگر، پی پی 209 خانیوال میں بھی ضمنی انتخابات 16 اکتوبر کو کو ہونگے۔

متعلقہ خبریں