فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کیخلاف اپیل پرسماعت 19 اکتوبرتک ملتوی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سپریم کورٹ نے فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کیخلاف اپیل پرسماعت 19 اکتوبرتک ملتوی کر دی۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں رہنما تحریکِ انصاف فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کیخلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو مضبوط اور با اختیار بنانا چاہتے ہیں۔ نہیں چاہتے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلے پر کوئی رٹ میں اڑاتا رہے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ انتخابی معاملات میں الیکشن کمیشن اسپیشلسٹ ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے تاحیات نااہلی کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔ الیکشن کمیشن کو حقائق کے تعین کیلئے مقدمہ ہائیکورٹ نے ہی بھیجا تھا۔
فیصل واوڈا کے وکیل نے کہا کہ کیا ہائیکورٹ کے کہنے سے الیکشن کمیشن عدالت بن جائے گا؟وکیل وسیم سجاد نے دلائل میں کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار پر فیصلہ ہی نہیں دیا۔ الیکشن کمیشن نے حقائق کا تعین بھی درست انداز میں نہیں کیا۔ امریکی سفارتخانے کے اہلکاروں پر جرح کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔
جسٹس منصورعلی شاہ نے کہا کہ فیصل واوڈا نے شہریت چھوڑنے کیلئے رجوع کاغذات جمع کرانے کے بعد کیا تھا۔وکیل وسیم سجاد نے کہا کہ بطور سینیٹر فیصل واووڈا پر کسی قسم کا کوئی اعتراض نہیں کیا گیا۔ الیکشن کمیشن عدالت نہیں جو تاحیات نااہلی کا ڈیکلریشن دے سکے۔