ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے ترین گروپ سے رابطے شروع کر دیئے

لاہور(قدرت روزنامہ) ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان ترین گروپ کے ارکان سے رابطے کر رہے ہیں۔نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت پنجاب نے اپنے ناراض ساتھیوں کو منانے کے لئے نئی حکمت عملی اپنا لی ہے، اور پنجاب حکومت کے ترجمان فیاض الحسن چوہان کو ترین گروپ کو منانے کے حوالے سے اہم ٹاسک دی گیا ہے۔ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان کا ترین گروپ کے ارکان سے رابطوں کا انکشاف ہوا ہے، اور ذرائع کا کہنا ہے کہ فیاض الحسن چوہان نے ترین گروپ کے عبدالحئی دستی اور سردار خرم لغاری سے رابطہ کیا ہے، اور ان سے جلد ہی ملاقات بھی کریں گے۔ذرائع کے مطابق فیاض الحسن چوہان وزیر اعظم اور وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر ترین گروپ سے رابطے کر رہے ہیں، ان ارکان کو رابطوں کے ذریعے پارٹی ڈسپلن کا پابند بنایا جائے گا، اور ان کے علاقائی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ جب کہ فیاض الحسن چوہان ترین گروپ کے دیگر ارکان سے بھی مرحلہ وار رابطہ کریں گے۔