پیپلزپارٹی سے اعتزاز احسن کے اخراج کا امکان
لاہور (قدرت روزنامہ) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن کو پارٹی سے نکالے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق (ن) لیگ کی قیادت کے خلاف بیان پر پیپلز پارٹی نے سینئر رہنما اعتزاز احسن کو پارٹی سے فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اعتزاز احسن کو انتظامی طورپر فارغ کرنے کے لئے صوبائی قیادت کو ٹاسک سونپ دیا گیا۔
اعتزاز احسن کے پارٹی سے اخراج کے لئے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے بھی حتمی منظوری لے لی گئی ہے۔ اعتزاز احسن کو پارٹی پالیسی کے برعکس مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف بیان دینے پر شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا۔
کچھ روز قبل اعتزاز احسن نے( ن) لیگ کی قیادت کے خلاف بیان میں کہا تھا کہ کوئی چھ ماہ پہلے تک یہ کہہ سکتا تھا ساری بساط الٹ جائے گی اور عمران خان زمین پر ہوگا اور نواز شریف عرش پر ہوگا۔ جنرل باجوہ نے (ن) لیگ کو مقدمات سے نکالا ہے۔