اس بار سندھ میں بھی ہماری حکومت آئے گی، عمران خان

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اس بار سندھ میں بھی ہماری حکومت آئے گی۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں بلدیاتی امیدواروں کو مبارکباد دیتا ہوں، اپنے امیدواروں کو بتانا چاہتا ہوں کہ کراچی تحریک انصاف کا شہر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کراچی کے لوگ سب سے زیادہ سیاسی شعور رکھتے ہیں، پاکستان میں تمام سیاسی تحریکیں کراچی سے اٹھتی تھیں، کراچی پاکستان کی قیادت کرتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کراچی دوبارہ پاکستان کی قیادت کرے کیونکہ کراچی پاکستان کا معاشی حب بھی ہے، کراچی کی خوشحالی پاکستان کی خوشحالی ہے۔عمران خان نے کہا کہ اس بار تحریک انصاف وفاقی حکومت میں بھی آئے گی اور سندھ کی حکومت بھی ہماری ہو گی، اگلی بار ہم سندھ میں اپوزیشن میں نہیں بیٹھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان خراب نہ ہوتا اور زرداری سندھ پر مسلط نہ ہوتا تو کراچی تیزی سے ترقی کرتا، کراچی نے دبئی اور دیگر شہروں سے آگے چلے جانا تھا۔انہوں نے کہا کہ اب بلدیاتی نمائندوں نے گھر گھر جانا ہے، لوگ تحریک انصاف کا انتظار کر رہے ہیں، پاکستان میں جو انقلاب آرہا ہے اس کو کوئی نہیں روک سکتا، کراچی میں سیاسی شعور سب سے زیادہ ہے، کراچی والے تیار ہو جائیں میں کال دینے لگا ہوں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جلد ہی میں امپورٹڈ حکومت اور سندھ کے ڈاکو راج کے خلاف کال دوں گا، شریفوں اور زرداری کو دوسری بار این آر او ملا ہے، ہر بار این آر او لے کر ملک کا دیوالیہ نکالتے ہیں، انہوں نے ملک سے پیسہ لوٹ کر بیرون ملک منتقل کیا ہے، اس حکومت اور مافیا کے خلاف جدوجہد جہاد ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی والوں کے پاس اسی لئے آیا ہوں کہ ان چوروں کے خلاف جہاد کے لئے تیار ہو جائیں۔