افغانستان کیخلاف سیریز، بابر اعظم سمیت 4کرکٹرز کوآرام دینے کا فیصلہ،کپتانی شاداب کے سپرد

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)نے افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے قومی اسکواڈ کو حتمی شکل دینے کی تیاری کرلی، قومی ٹیم کی کپتانی شاداب خان کریں گے، جبکہ بابر اعظم سمیت 4کرکٹرز آرام کریں گے۔تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے قومی اسکواڈ کو حتمی شکل دینے کی تیاری کرلی ہے، کپتان بابر اعظم سمیت 4کرکٹرزکو آرام دیا جارہا ہے، محمد رضوان ، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی بھی آرام کرنے والے کرکٹرز میں شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق شاداب خان ون ڈے ٹیم کی قیادت کریں گے، ٹیم میں نئے کرکٹرز کو آزامانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ امام الحق ، فخر زمان ، سرفراز احمد اور فہیم اشرف ون ڈے اسکواڈ میں شامل ہوں گے ۔فاسٹ بولر محمد وسیم جونئیر ون ڈے اسکواڈ میں جگہ بنائیں گے، خوشدل شاہ کو بھی ِ موقع ملنے کا امکان ہے جبکہ صہیب مقصود اور حارث سہیل کا اسکواڈ میں جگہ بنانا مشکل دکھائی دے رہا ہے۔پاکستان اور افغانستان کرکٹ سیریز ستمبر کے پہلے ہفتے میں ہونیکا امکان ہے اور سیریز کے لیے سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان 2روز میں متوقع ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ون ڈے کرکٹ ٹیم کا کیمپ 21سے 28اگست تک لاہور میں لگایا جائے گا، کیمپ میں رپورٹ کرنے پر کھلاڑیوں کی کورونا وائرس ٹیسٹنگ ہوگی۔ویسٹ انڈیز میں پاکستان ٹیم کے ہمراہ کرکٹرز وطن واپس آ کر ٹیم کو جوائن کریں گے۔