اداکارہ ثناء کی طلاق، فخر جعفری نے بھی خاموشی توڑ دی
کراچی (قدرت روزنامہ)حال ہی میں علیحدگی اختیار کرنے والی معروف لالی ووڈ جوڑی ثناء اور فخر جعفری کی طلاق کی خبر پر اداکارہ کے بعد فخر جعفری نے بھی اہم بیان جاری کردیا۔فخر جعفری نے اپنی اہلیہ سے علیحدگی کے بعد جاری پہلے پیغام میں غلط خبریں پھیلانے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔
انہوں نے لکھا کہ ’ کچھ بیمار ذہنیت کے لوگ یہ کہہ کر میری اور میری اہلیہ کے درمیان غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ میں اپنی اہلیہ کے بارے میں ہر ایک سے غلط بات کرتا ہوں اور میں ان لوگوں کو یہ تمام باتیں ان باکس میں بتاتا ہوں۔‘
فخر جعفری نے کہا کہ کیا کوئی مجھے ان کہانیوں کے حوالے سے بتاسکتا ہے کہ آخر چل کیا رہا ہے؟یہاں اہم بات یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر غیر فعال فخر جعفری کے فیسبک کے اس اکاؤنٹ کو اداکار شمعون عباسی نے ٹیگ کرتے ہوئے جوڑے کی علیحدگی پر اپنا تبصرہ کیا تھا۔فخر جعفری کی جانب سے یہ بیان صرف ایک دن بعد سامنے آیا کہ جب ان کی اہلیہ رہنے والی اداکارہ ثناء نے اچانک ایک بیان جاری کیا تھا جس میں بتایا تھا کہ انہوں نے شوہر سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔
اداکارہ کئی ہٹ پنجابی فلموں میں اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھاچکی ہیں، اُنہوں نے اپنے کیریئر کے انتہائی عروج پر 2008ء میں فخر سے شادی کی تھی۔ثناء اور فخر دو بیٹوں کے والدین بھی ہیں اور اس جوڑے کا شمار انڈسٹری کے جانے مانے جوڑوں میں ہوتا تھا۔
ثناء نے انسٹاگرام پر مداحوں ایک مختصر نوٹ میں اس خبر سے آگاہ کیا کہ اداکارہ اور شوہر فخر جعفری نے راہیں جدا کرلی ہیں، انہوں نے لکھا کہ ’رشتے ٹوٹنے سے تکلیف ہوتی ہے لیکن کبھی کبھی خود کو زیادہ ٹوٹنے سے بچانے کے لیے کسی رشتے کو توڑنا لازمی ہوتا ہے، میں نے اور فخر نے بہت احترام کے ساتھ شادی کے کئی برسوں کے بعد بہت سے نشیب و فراز سے گزر کر اپنا اپنا الگ راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن مجھے پختہ یقین ہے کہ اللّٰہ نے مستقبل میں ہم دونوں کے لیے بہتر منصوبے کیے ہیں‘۔ثناء نے اپنے سابق شوہر فخر جعفری کے مستقبل کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا تھا۔