سعودی عرب میں بھیانک ٹریفک حادثہ، 24 افراد زخمی
ریاض (قدرت روزنامہ) سعودی عرب میں ایک ہولناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 24 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ حادثہ ایک بس کو پیش آیا ہے جو ریاض تا طائف شاہراہ پر سفر کر رہی تھی جو الحومیات کے علاقے میں حادثے کا شکار ہو گئی۔ جس کے نتیجے میں 24 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔ سعودی ہلال احمر کے مطابق اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر طبی امداد کا عملہ موقع پر روانہ کر دیا گیا تھا۔
جائے حادثہ پر 24 افراد زخمی تھے جن میں سے 16 کے زخم معمولی نوعیت کے تھے، جنہیں مرہم پٹی کرنے کے بعد رخصت کر دیا گیا۔ جبکہ 8 افراد کو عفیف جنرل ہسپتال بھیج دیا گیا۔ ایک زخمی کی حالت نازک ہے، جبکہ باقی سات افراد کی چوٹیں درمیانی نوعیت کی ہیں۔ہسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ بس حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایمرجنسی وارڈ کو تیار کر لیا گیا تھا اور آپریشن پر مامور عملے کو بھی چوکس کر دیا گیا تھا تاکہ کسی بھی ناگہانی صورت حال سے بچنے کی پوری تیاری ہو سکے۔
زخمیوں کا بہترین علاج جاری ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل سعودی عرب میں ایک انتہائی درد ناک ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق ہو گئے تھے اورایک بچی زخمی ہوئی تھی جسے شدید چوٹیں آئی تھیں۔ سعودی میڈیا کے مطابق سعودیہ کے حائل ریجن میں ایک ٹریفک حادثے میں اْردن سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی اپنے دو بچوں سمیت ہلاک ہو گئیتھے، جبکہ اْن کی بچی اس حادثے میں شدید زخمی ہوئی ہے جس کی جان بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔
یہ ہولناک ٹریفک حادثہ اس وقت پیش آیا جب اْردنی جوڑا اپنے تین بچوں کے ساتھ حائل کی ایک شاہراہ پر سفر کر رہا تھا۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ گاڑی میں موجود اس خاندان کے پانچ میں سے چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی طبی امداد کا عملہ پہنچ گیا تھا۔تاہم گاڑی بْری طرح پچکی ہوئی تھی اور اس میں پھنسے افراد مردہ پائے گئے۔اس واقعے پر اردنی وزارت خارجہ کے ترجمان ضیف اللہ الفایز نے کہا تھا کہ سعودیہ میں واقع اردنی سفارت خانہ سعودی حکام سے رابطے میں ہے۔ متوفی خاندان کی لاشیں جلدا ردن بھجوا دی جائیں گی جبکہ زخمی بچی کی مکمل دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔