اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ عمران خان پہلے ہی اپنےحلقے کی نمائندگی سے بھاگے ہوئے ہیں، یہ پارلیمان کو صرف اقتدار کی سیڑھی سمجھتے ہیںسماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے سلسلہ وار ٹوئٹس میں شیری رحمٰن نے کہا کہ عمران خان نے جس قومی اسمبلی سے استعفیٰ دیا، اسی کی 7 نشستوں پر ضمنی الیکشن لڑ رہے ہیں .
شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ عمران خان 7 نشتوں پر خودانتخابات لڑ کے اپنے پارٹی رہنماؤں اور ووٹرز کی تذلیل کر رہے ہیں .
انہوں نے کہا کہ جس عوامی مینڈیٹ کا دعویٰ کرتے ہیں، 7 نشتوں پر الیکشن لڑ کر اسی مینڈیٹ کی توہین کر رہے ہیں . وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ووٹ صرف اسی امیدوار کو دینا چاہیے جو پارلیمان میں ان کی نمائندگی کر سکے، ان کی آواز بن سکے .
پیپلز پارٹی کی رہنما نے مزید کہا کہ یہ پارلیمنٹ صرف اسی صورت آنا چاہتے ہیں جب کرسی کی امید دلائی جائے، لوگوں سے گزارش ہے کہ عمران خان کو ووٹ دے کر ووٹ ضائع نہ کریں . ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ووٹ آئینی حق اور ذمہ داری ہے، ووٹ کو سوچ سمجھ کے اپنے اور اپنے حلقے کی بھلائی کے لیے استعمال کریں .