گرفتار PTI رہنما اعظم سواتی کو عدالت میں پیش کر دیا گیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ایف آئی اے کی جانب سے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار رہنما اعظم سواتی کو عدالت میں پیش کر دیا گیا۔اعظم سواتی کو 1 روز کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ڈیوٹی مجسٹریٹ شعیب اختر کی عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔
پراسیکیوشن کے وکیل نے اعظم سواتی کا ٹوئٹ پڑھ کر عدالت میں سنایا جس کے بعد پراسیکیوٹر کی جانب سے عدالت سے اعظم سواتی کے 14 دن کے ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔دوسری جانب اعظم سواتی سے اظہارِ یک جہتی کے لیے پی ٹی آئی کے رہنما و سینیٹرز ڈسٹرکٹ کورٹ پہنچ گئے جن میں سابق وفاقی وزیر عمر ایوب خان، پی ٹی آئی سینیٹرز فوزیہ ارشد، فدا محمد خان اور سیف اللّٰہ ابڑو شامل ہیں۔
واضح رہے کہ متنازع ٹویٹ پر سینیٹر اعظم خان سواتی کے خلاف سائبرکرائم کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔عدالت نے گزشتہ روز اعظم سواتی کو ایک روز کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کیا تھا۔