وزراء پر حلقوں کا دورہ کرنے پر مکمل پابندی ہے: الیکشن کمشنر سندھ

کراچی (قدرت روزنامہ)الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے کہا ہے کہ کراچی میں قومی اسمبلی کے دونوں حلقوں میں پولنگ کا عمل پُرامن انداز سے جاری ہے، تمام وزراء پر حلقوں کا دورہ کرنے پر مکمل پابندی ہے۔ اعجاز انور چوہان نے کراچی میں ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ کے تمام انتظامات مکمل ہیں، اب تک کہیں سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کی خاصی نفری حلقوں میں موجود ہے، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کے احکامات ہیں۔
8 قومی، 3 صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں پولنگ
واضح رہے کہ سندھ، پنجاب اور خیبر پختون خوا کے قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے۔
کراچی میں قومی اسمبلی کے 2 حلقوں این اے237 ملیر اور این اے 239 کورنگی میں پولنگ ہو رہی ہے۔صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔