حکومت سے چھٹکارا ملے گا تو پکنک اور جشن منائیں گے، عمر ایوب

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب کا کہنا ہے کہ اس حکومت سے چھٹکارا ملے گا تو پکنک بھی منائیں گے اور جشن بھی منائیں گے۔اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ موسم اچھا ہے ہم لوگوں کا پکنک منانے کا دل کر رہا ہے، عمران خان جہاں بھی کال دیں گے ہم حاضر ہوں گے۔
صحافی نے عمر ایوب سے سوال کیا کہ اعظم سواتی پر تشدد ہوا ہے اور آپ پکنک منانے کی بات کر رہے ہیں۔عمر ایوب نے صحافی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ موسم اچھا ہے ہم نے چائے پی اور اعظم سواتی کا انتظار کر رہے ہیں، وہ جلد ہمارے بیچ میں ہوں گے اور ہم ان کی رہائی کا جشن منائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پشاور کے انتخابی حلقے میں پری پول دھاندلی کی جا رہی ہے، بیلٹ پیپر پر عمران خان کے نام کے نیچے ان کے ہم نام کو رباب کا انتخابی نشان الاٹ کیا گیا، ووٹنگ سے قبل دھاندلی الیکشن کمیشن نہیں کر رہا تو کون کر رہا ہے۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں، امریکا کو جواب دینے کی بجائے ترجمان بنا ہوا ہے، امپورٹڈ حکومت پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے لائی گئی ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ اسلام آباد میں جتنے بھی کنٹینر لگائے گئے ان کا ایک پرزہ بھی ہم نے نہیں لگایا، ایکسپورٹ نیچے جانے کی وجہ یہ ہے کہ اسلام آباد میں کنٹینر کھڑے کیے گئے، 7 کروڑ روپے کے آنسو گیس شیل اور 41 کروڑ روپے لانگ مارچ روکنے کے لیے جاری کیے گئے ہیں۔عمر ایوب نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے ابھی کال ہی نہیں دی، یہ کیا خود کو بند کریں گے۔