خبردار ایسا ہزگز نہ کریں ، ورنہ واٹس ایپ آپ کا اکاؤنٹ بند کردے گا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)دنیا بھر میں مقبول ترین میسجنگ ایپلیکیشن واٹس ایپ اکثر جعلی خبروں کے پھیلاؤ کا ذریعہ بنتا ہے تو کبھی یہ اسکیمرز اور ہیکرز کے نشانے پر رہتا ہے جس کے باعث صارفین کا ڈیٹا غیر محفوظ سمجھا جاتا ہے۔اب میٹا کی زیرملکیت کمپنی مسلسل صارفین اور ان کی معلومات کی حفاظت کو یقینی بنانے، مبینہ سرگرمیوں کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کرتے ہوئے مشکوک اکاؤنٹس کے خلاف شکایت موصول ہونے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ان پر پابندی عائد کر رہی ہے۔
تاہم بعض اوقات کچھ عام صارفین کے اکاؤنٹس پر بھی پابندی لگ جاتی ہے جو ان کی جانب سے نادانستہ طور پر رازداری کی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر عائد ہوتی ہے۔آپ بھی ان چند غلطیوں کو مدنظر رکھیں اور اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو محفوظ بنائیں۔
جھوٹی اور غلط خبریں نہ پھیلائیں
اگر آپ کو کوئی بھی فارورڈ میسج موصول ہو جس کی درستگی کے حوالے سے آپ کو شکوک و شبہات ہوں تو انہیں مزید آگے فارورڈ کرنے سے گریز کریں۔ اگر آپ غلط معلومات پر مبنی پیغامات کو لاعلمی میں آگے پھیلائیں گے تو ممکن ہے کہ دیگر صارفین آپ کے خلاف شکایت کردیں اور آپ کا ہی اکاؤنٹ بند کردیا جائے۔
اس حوالے سے واٹس ایپ نے اقدامات لیتے ہوئے بیک وقت ایک میسج صرف پانچ یوزرز کو ہی فارورڈ کرنے کی حد تعین کردی ہے تاکہ ایک وقت میں میسج زیادہ لوگوں تک نہ جاسکے۔
خودکار میسج ارسال کرنے سے اجتناب برتیں
خودکار میسجز اور BULK میسجز موصول ہونے کی صورت میں انہیں اسپیمر کے طور پر رپورٹ کریں۔
واٹس ایپ مشینی زبان سمجھتا ہے جب آپ ایسے پیغامات کو اسپیم کے طور پر رپورٹ کریں گے تو وہ مستقبل میں ایسے غیر ضروری اور ان چاہے پیغامات بھیجنے والے اکاؤنٹس کا پتا لگا کر خود انہیں پر پابندی لگا دے گا۔ اور اگر آپ BULK میسجز بھیجنے کے عادی ہیں تو ہوشیار ہوجائیں آپ کے اکاؤنٹ پر بھی پابندی لگ سکتی ہے۔
براڈکاسٹ میسجز بھیجنے سے گریز کریں
براڈکاسٹ میسجز بھیجنے سے گریز کریں یا اس فیچر کا کم سے کم استعمال کریں کیوں کہ ایسا کرنے سے وہ صارفین جنہیں آپ غیر ضروری پیغامات بھیج رہے ہیں وہ آپ کے خلاف شکایت کر سکتے ہیں۔ جس کے نتیجے میں آپ کو اکاؤنٹ کی معطلی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
دوسروں کی رازداری کا خیال رکھیں
آپ اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کی رازداری کا بھی خیال رکھیں ، کچھ حدود کا تعین کریں۔ کبھی کسی بھی صارف کو اس کی مرضی کے بغیر کسی گروپ میں ایڈ نہ کریں۔ اگر کسی صارف نے آپ کو مسیجز بھیجنے سے منع کردیا ہے تو باز رہیں بصورت دیگر مذکورہ صارف آپ کے خلاف شکایت رپورٹ کرنے کا حق رکھتا ہے اور ایک سے زائد بار شکایت موصول ہونے کی صورت میں آپ کا اکاؤنٹ بند کیا جاسکتا ہے۔
واٹس ایپ کے قاعدے قانون کی پابندی کریں
واٹس ایپ کے قاعدے قانون کی خلاف ورزی نہ کریں، کبھی غلط خبروں یا معلومات کو پھیلانے کا ذریعہ نہ بنیں، نہ ہی کسی کو ہراساں کریں اور نہ ہی کبھی کسی نوعیت کے غلط کاموں میں ملوث ہوں ورنہ واٹس ایپ آپ کا اکاؤنٹ بند کرنے کا حق رکھتا ہے۔