نصیبو لعل کی اپنے بیٹے کے ہمراہ امریکا میں لائیو پرفارمنس

ہیوسٹن (قدرت روزنامہ)پاکستان کی معروف گلوکارہ نصیبو لعل نے امریکی شہر ہیوسٹن میں اپنے بیٹے مراد حسین کے ہمراہ لائیو پرفارم کیا۔ہیوسٹن میں نصیبو لعل اور ان کے بیٹے نے ملکہ ترنم نور جہاں کے مقبول گانوں پر لائیو پرفارم کرکے انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔


پاکستانی امریکی پروموٹر ریحان صدیقی کی جانب سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ میوزیکل نائٹ میں نصیبو لعل کو سننے کے لئے پاکستانیوں کے ساتھ ہیوسٹن میں آباد بھارتی شہری بھی موجود تھے ۔


پاکستانی پروموٹر کا کہنا تھا کہ رواں سال انہوں نے پاکستانی فنکاروں کو 50 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس دیا ہے اور آئندہ سال بھی 25 پاکستانی فنکاروں کے ساتھ امریکا اور کینیڈا میں 20 سے زائد شوز منعقد کیے جائیں گے۔
اس سے قبل بھی نصیو لعل کے بیٹے مراد حسین کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے اپنی والدہ کے کوک اسٹوڈیو میں گایا گانا جھوم گایا تھا، جسے بے حد پسند کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ گلوکارہ نصیو لعل کے بیٹے مراد حسین کا رواں برس ہی ویڈیو سانگ بھی ریلیز ہوا ہے۔