اداکارہ ایمان علی کی ٹچ بٹن کے ذریعے پاکستانی فلموں میں واپسی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جیو اور شعیب منصور کی سپر ہٹ فلم ’خدا کے لیے‘ اور ’بول‘ میں لاجواب اداکاری کا مظاہرہ کرنے والی خوبصورت اداکارہ ایمان علی کی پاکستانی فلموں میں 7 سال بعد پروڈیوسر عروہ حسین کی نئی آنے والی فلم’ٹچ بٹن‘ میں واپسی ہوئی ہے۔وہ آخری مرتبہ فہد مصطفیٰ کی فلم ماہ میر میں سلور اسکرین پر نظر آئیں تھیں۔
گزشتہ روز ’ٹچ بٹن‘ کی تعارفی تقریب آرٹس کونسل میں منعقد کی گئی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایمان علی نے بتایا کہ میں ہمیشہ مقدار کے بجائے معیار پر توجہ دیتی ہوں۔ان کا مزید کہنا تھا یہی وجہ ہے کہ کم کم اسکرین پر نظر آتی ہوں۔ میرے مداح مجھے نئی ’ٹچ بٹن‘ میں دلچسپ کردار میں دیکھیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں ایمان علی کا کہنا تھا کہ مجھے ابتداء میں ماڈلنگ سے شہرت ملی، بعد ازاں میں نے فلموں اور ڈراموں میں کام شروع کیا۔انہوں نے کہا کہ میں نے کراچی اور لاہور میں زیادہ وقت گزارا ہے۔ دونوں ہی شہر مجھے اچھے لگتے ہیں۔
ایمان علی نے کہا کہ فرحان سعید، سونیا حُسین اور فیروز خان نے بھی فلم میں عمدہ کام کیا ہے۔خاتون پروڈیوسر عروہ حسین کی فلم ’ٹچ بٹن‘ رواں برس 11 نومبر کو ریلیز ہوگی۔