الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف آج ہی عدالت جائیں گے، بابر اعوان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف آج ہی عدالت جائیں گے۔بابراعوان نے بول نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کو ایسا فیصلہ دینے کا اختیارنہیں تھا، یہ فیصلہ نہیں وفاق پر حملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک کے لیڈر کو بغیر کسی ٹرائل کے نااہل کردیا، پی ڈی ایم کی برانچ سے ایسے فیصلے کی توقع تھی۔
اس سے قبل تحریکِ انصاف کے رہنما نے کہا تھا کہ یہ فیصلہ الیکشن کمیشن کے کرتوت کے عین مطابق ہے۔ یہ عمران خان پر نہیں پاکستان کے آئین پر حملہ ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ کچھ دن پہلے عمران خان 2 تہائی اکثریت سے جیت کر آرہے ہیں۔ یہ فیصلہ 22 کروڑ عوام کے منہ پر طمانچہ ہے۔ پاکستان کے عوام سے کہتاہوں اپنے حق کیلئے باہر نکلیں۔ الیکشن کمیشن سے کبھی بھلے کی امید نہیں تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن ممبران اپنے عہدے پر برقرار رہنےکے اہل نہیں ہیں۔ جس طریقے سے فیصلہ کیاگیا پورا پاکستان مسترد کرتاہے۔ ان ایوانوں کو الٹا کر ہی پاکستان کا آئین بچایا جاسکتاہے۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کو نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے توشہ خانہ کیس کا فیصلہ پڑھ کر سنایا۔فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نا اہل قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے عمران خان کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کردی ہے۔
فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان حالیہ ضمنی انتخابات میں جیتی 6 نشستوں پر بھی حلف نہیں اٹھا سکتے ہیں۔الیکشن کمیشن نے بتایا کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن میں غلط بیان حلفی جمع کرایا اور دانستہ طور پر الیکشن کمیشن سے غلط بیانی کی تاہم عمران خان کے خلاف کرپٹ پریکٹسز کی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔