کسی کا حق نہیں کسی کو بے لباس اور بدسلوکی کرے: عائشہ اکرم

لاہور(قدرت روزنامہ) گریٹر اقبال پارک میں تشدد کا نشانہ بننے والی عائشہ اکرم نے کہا ہے کہ کسی کو کسی کی زندگی بدلنے ، نوچنے کا حق نہیں ، کسی کا حق نہیں کسی کو بے لباس کرے ، بدسلوکی کرے ۔
نیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عائشہ اکرم نے کہا کہ میری زندگی ، میری مرضی ٹک ٹاک بناتی رہوں گی ۔ جس کا جو دل چاہے ، وہ کرے ، جو مرضی پہنے ۔
انہوں نے کہا کہ دو دن حالت بہت بری تھی ، خودکشی کا بھی سوچا ، سب مرد برے نہیں ہوتے ، مردوں کو بدنام نہ کریں ، مجھ پر حملہ تو ہوا ، لیکن بچانے والے بھی بہت تھے ، میں کسی کے خلاف نہیں ، ملزمان کو عبرتناک سزا ملے گی ۔
واضح رہے کہ لاہور پولیس نے متاثرہ خاتون عائشہ اکرم کے دوست ریمبو کو شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، ریمبو اور عائشہ مل کر ٹک ٹاک ویڈیوز بناتے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاکر ریمبو عائشہ کو مینار پاکستان لے کر گیا تھا ، واقعے کے بعد ریمبو اپنے فون سے مختلف لوگوں سے بات کراتا رہا ، عائشہ کے اہلخانہ بھی ریمبو کے سخت خلاف تھے ۔ریمبو کچھ عرصہ سے عائشہ کے گھر پر مقیم تھا اور عائشہ کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بھی ریمبو چلاتا ہے جبکہ دونوں نے واقعے کی رات سڑک پر گزاری ۔