گوادر حملہ: بلاول بھٹو کی شدید مذمت

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے گوادر میں چینی شہریوں کے قافلے پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دہشتگرد حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔


بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک بھر میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کو مکمل سیکورٹی فراہم کرے۔اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت پاکستان میں اپنے شہریوں کے تحفظ و سیکیورٹی کے متعلق حکومتِ چین کے خدشات دور کرے۔


پی پی پی چیئرمین نے دہشت گرد حملے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ حملے میں زخمی ہونے والوں کے بہترین علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے۔واضح رہے کہ گوادر ایکسپریس وے منصوبے پر چینی عملے کے موٹر قافلے پر خودکش حملہ کیا گیا، جس میں 2 مقامی بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ 1 چینی سمیت کئی افراد زخمی ہوئے۔