سپریم کورٹ میں ججز تقرری کا معاملہ ، پاکستان بار کونسل نے بھی اعتراضات اٹھادیے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سپریم کورٹ میں ججز تقرری کا معاملہ ، پاکستان بار کونسل نے بھی اعتراضات اٹھادیے۔ پاکستان بار کونسل نے اپنے اعلامیہ میں لکھا ہے کہ وکلا برادری سنیارٹی کے اصول پر عملدرآمد کا مطالبہ کرتی ہے،من پسند ججز کے تقرر کا سلسلہ بند ہونا چاہیے،اگر سنیارٹی کے اصول کو نظر انداز کیا گیا تو وکلا برادری بھرپور ردعمل دے گی۔

پاکستان بار کونسل کا چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو سپریم کورٹ لانے پر اظہار مسرت ،پاکستان بار کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ کو نامزد کرنا خوش آئند ہے، ہائیکورٹ کے تین جونیئر ججز کے ناموں پر دوبارہ غور نہیں ہونا چاہیے،جوڈیشل کمیشن کو سینیارٹی اصول مدنظر رکھنا چاہیے،لاہور ہائیکورٹ اور سندھ ہائیکورٹ کے ججز کے ناموں پر گزشتہ اجلاس میں بھی اعتراض اٹھایا گیا۔
یاد رہے اس سے قبل سپریم کورٹ میں ججز تقرری کے معاملے پرجسٹس قاضی فائز عیسٰی نے چیف جسٹس پاکستان کو خط لکھا ہے، جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے سپریم کورٹ کیلئے نامزد تین ناموں پر اعتراض اٹھایا ، خط میں سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس شفیع صدیقی کے نام پر اعتراض کیا گیا اور لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید کے نام پر بھی اعتراض اٹھایا گیا ہے ۔