اسمارٹ فونز کو جلد چارج کرنے میں مددگار آسان ٹِرکس

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اپنے اسمارٹ فون کو بار بار چارج کرنا اکثر افراد کو ناگوار محسوس ہوتا ہے۔اگر آپ اسمارٹ فون کو زیادہ استعمال کرتے ہیں تو اسے دن میں ایک سے زیادہ بار چارج کرنے کی ضرورت محسوس ہوتی ہوگی۔ویسے تو اب یو ایس بی سی کیبل سے ڈیوائس پہلے سے زیادہ تیزی سے چارج ہوجاتی ہے مگر پھر بھی اس کے لیے انتظار کرنا مشکل محسوس ہوتا ہے۔
مگر اچھی بات یہ ہے کہ چند عام ٹِرکس سے آپ چارجنگ کے تجربے کو کم تکلیف دہ بناسکتے ہیں۔اینڈرائیڈ فون کی ایسی ہی چند ٹِرکس کے بارے میں جاننا آپ کے لیے مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
ائیر پلین موڈ ان ایبل کریں
بیٹری پاور میں کمی کی ایک بڑی وجہ نیٹ ورک سگنل ہوتے ہیں، یہ سگنل جتنے کم ہوں گے بیٹری اتنی تیزی سے ختم ہوگی۔اسی طرح اگر آپ کسی ایسے علاقے میں موجود ہیں جہاں سگنل صحیح نہیں آرہے تو فون کو چارج کرنے میں بھی زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔
اس کا ایک فوری حل فون میں ائیر پلین موڈ ان ایبل کرنا ہے جس سے بیٹری کو چارج کرنے کے دورانیے میں 25 فیصد تک کمی آسکتی ہے۔
فون بند کردیں
اگر آپ کو فون چارجنگ کے دوران بند ہو تو وہ معمول سے زیادہ تیزرفتاری سے چارج ہوتا ہے، کیونکہ چارجنگ کے دوران اسے کسی رکاوٹ کا سامنا نہیں ہوتا۔یقیناً زیادہ دیر تک فون بند رکھنے سے ضروری کالز یا میسجز تک رسائی نہیں ہوتی مگر 15 منٹ کے لیے بھی ایسا کرنا فون کو کافی حد تک چارج کردیتا ہے۔
چارجنگ کے دوران فون کا استعمال نہ کریں
اگر آپ اپنا فون بند نہیں کرنا چاہتے تو بہتر ہے کہ چارجنگ کے دوران اس کا استعمال کم از کم کریں۔چارجنگ کے دوران فون کو استعمال کرنے سے وہ سست روی سے چارج ہوتا ہے خاص طور پر اگر آپ زیادہ ریسورسز استعمال کرنے والی ایپس استعمال کرتے ہیں۔
اس سے طویل المعیاد بنیادوں پر بیٹری لائف بھی متاثر ہوتی ہے کیونکہ بیٹری کا درجہ حرارت بڑھنے سے فون کو نقصان پہنچتا ہے۔
وال ساکٹ کا استعمال کریں
کمپیوٹر پر یو ایس بی پورٹ کو استعمال کرنے سے فون زیادہ تیز رفتاری سے چارج نہیں ہوتے۔اس کے مقابلے میں وال ساکٹ سے چارجنگ پر زیادہ پاور ملتی ہے (چارجنگ اسپیڈ کا انحصار ڈیوائس اور چارجر سپورٹ پر ہوتا ہے)۔
پاور بینک خرید لیں
اگر آپ دن بھر کافی سفر کرتے ہیں تو پاور بینک کو خرید لینا چاہیے۔اب بیشتر پاور بینکس سے وال ساکٹ جتنی ہی پاور ڈیوائس کو ملتی ہے۔
وائرلیس چارجنگ کا زیادہ استعمال نہ کریں
اگر آپ فون کو تیزی سے چارج کرنا چاہتے ہیں تو وائرلیس چارجنگ اچھا آپشن نہیں کیونکہ اس کی رفتار وائرڈ چارجر سے کم ہوتی ہے۔
فون کیس کو نکال دیں
تمام اسمارٹ فون میں lithium-ion بیٹریز پر انحصار کیا جاتا ہے جن کی چارجنگ اس وقت زیادہ بہتر ہوتی ہے جب بیٹری گرم نہ ہو۔یہی وجہ ہے کہ فون کیس کو نکال دینے سے بیٹری کے درجہ حرارت کو چارجنگ کے دوران کم رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
معیاری چارجنگ کیبل کو ترجیح دیں
ایک اسٹینڈرڈ گیج کیبل 0.5 ایمپئیر پاور فراہم کرتی ہے جبکہ بڑی 24 گیج کیبل سے 2 ایمپئیر پاور ملتی ہے۔
عام طور پر سستی چارجنگ کیبلز زیادہ تیزی سے فون چارج نہیں کرتیں جس کی وجہ سے فونز زیادہ دیر میں چارج ہوتے ہیں۔