افغانستان سے جہاز کے ذریعے قطر پہنچنے والے افغان کس حالت میں ہیں ، ویڈیو سامنے آگئی

دوحہ (قدرت روزنامہ)افغانستان میں طالبان کے کنٹرول کے بعد افغانستان سے جہاز کے ذریعے قطر پہنچنے والے افغان کس حالت میں ہیں ، ویڈیو سامنے آگئی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حالیہ دنوں میں کابل سے فرار ہونے والے سیکڑوں افغانوں کے لیے شہر سے باہر نکلنا محض ایک آغاز تھا ، قطر میں ایک امریکی ایئر بیس پر ریکارڈ کی گئی ایک ویڈیو میں ان مشکل حالات کو دیکھا جاسکتا ہے جو افغانستان سے بہتر مستقبل کا خواب لیے انخلاء کرنے والے اب برداشت کر رہے ہیں ، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ قطر میں ایک امریکی ایئر بیس پر افغان شہری بے سروسامانی کے عالم میں پڑے ہیں ، جہاں غیر یقینی مستقبل ان کا منتظر دکھائی دیتا ہے۔

خیال رہے کہ افغانستان چھوڑ کر باہر جانے کے لیے لوگوں میں شدید بے چینی پائی گئی ، جس کے باعث کابل ائیرپورٹ پر افراتفری عروج پر تھی ، کابل سے نکلنے کی کوشش میں نوجوان موت کے منہ میں بھی چلے گئے ، نوجوانوں نے جہاز کے ٹائروں میں چھپ کر کابل سے نکلنے کی کوشش کی ، اس دوران تین نوجوان جہاز سے گر گئے جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔


سوشل میڈیا پر اور بھی کئی ایسی ویڈیوز وائرل ہوئیں جن میں کابل میں موجود لوگوں کو جہاز کے پیچھے بھی بھاگتا دیکھا گیا ، لوگوں کو رن وے پر جہاز کے ساتھ ساتھ دوڑتے دیکھا جا سکتا تھا ، شہری کسی بھی طریقے سے جہاز میں سوار ہونے کی کوشش کرتے رہے ، کچھ نوجوانوں کی جانب سے جہاز کے ٹائر کے ساتھ لٹک کر بھی باہر جانے کی کوشش کی گئی۔