ارشد شریف کا قتل، آج دوبارہ پوسٹ مارٹم، کل تدفین ہوگی،تحقیقاتی ٹیم کینیا جائے گی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کینیا میں پولیس کی فائرنگ سے شہید ہونے والے سینئر صحافی اوراینکرارشد شریف کی میت پاکستان پہنچا دی گئی، آج پاکستان میں بھی ان کا پوسٹ مارٹم کروایا جائے گا اور کل ان کی تدفین ہوگی۔سینئر صحافی اوراینکرارشد شریف کی میت پاکستان پہنچا دی گئی، میت دوحہ سے قطر ایئرواز کی پرواز کے ذریعے رات ساڑھے 12 بجے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچی۔اس موقع پرتحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری۔مراد سعید بھی موجود تھے۔لوگوں کی بڑی تعداد پاکستان پرچم اٹھائے ایئرپورٹ پہنچی اورنعرے بازی کی۔
ارشد شریف کی میت کوایئرپورٹ سے قائداعظم انٹرنیشنل اسپتال منتقل کردیا گیا۔اہلخانہ کے مطابق ارشد شریف کا دوبارہ پوسٹمارٹم کرایا جائے گا۔ارشد شریف کی اہلیہ جویریہ صدیق نے میڈیا سے گفتگومیں کہا کہ ارشد شریف کے لیے آواز اٹھائیں۔مجھے کینیا کے صحافیوں نے بتایا کہ ارشد شریف کا قتل کیا گیا ہے۔میری آپ سب سے گزارش ہے کہ اس کو ہائی لائٹ کریں۔
دوسری جانب ارشد شریف کے قتل پر وزارت داخلہ نے 3رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، کمیٹی میں ڈائریکٹر ایف آئی اے، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی بی اور لیفٹننٹ کرنل شامل ہیں، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ٹحقیقاتی ٹیم فوری طور پر کینیا جائے گی، کینیا میں پاکستانی ہائی کمیشن تحقیقاتی کمیٹی کی معاونت کرے گا، کمیٹی اپنی تحقیقات مکمل کرکے وزارت داخلہ کو رپورٹ پیش کرے گی۔
سینیر صحافی و اینکر پرسن ارشد شریف اے آر وائی نیوز، دنیا نیوز، آج ٹی وی اور ڈان نیوز سے منسلک رہے۔بیرون ملک جانے سے پہلے ارشد شریف کچھ مہینے پہلے اے آر وائی سے منسلک تھے، ارشد شریف کو حکومت پاکستان کی طرف سے پرائیڈ آف پرفارمنس کا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔مختلف صحافیوں کی طرف سے ارشد شریف کی کینیا میں موت کے واقعے سے متعلق تعزیتی ٹویٹ کیے گئے۔