جویریہ عباسی کو شوبز انڈسٹری میں کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا؟ نئے انکشافات کردئیے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کی سینئر اور نامور اداکارہ جویریہ عباسی نے کیرئیر کے آغاز میں جن مشکلات کا سامنا کیا، انہیں مداحوں کے ساتھ شئیر کردیا۔جویریہ عباسی نے نجی ٹی وی چینل کے ایک شو میں بطور مہمان شرکت کی۔

اس دوران انہوں نے بتایا کہ کیرئیر کے آغاز میں انہیں کافی جدوجہد کا سامنا کرنا پڑا۔اداکارہ نے اپنی مالی مشکلات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جب میں صائمہ قریشی کے ساتھ اپنا پہلا ڈرامہ کر رہی تھی تو ہم دونوں کے پاس ایک دن کے لیے صرف 100 روپے کا نوٹ ہوتا تھا جس میں ہم اپنی ٹرانسپورٹ کا انتظام کرتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت میں حاملہ تھی اور شوٹنگ کے دوران ہم سارا دن بھوکے رہتے تھے، پیسے کم ہونے کی وجہ سے ہم کچھ نہیں کھا سکتے تھے جو ہم اپنے کرایہ کے لیے رکھتے تھے، ورنہ گھر نہیں جا سکتے تھے۔جویریہ عباسی نے بتایا کہ ہماری ساتھی اداکارہ زارا اکبر بہت زیادہ کھانے کا آرڈر دیتی تھیں اور وہ ہمیں کھانے پر مدعو کرتی تھیں لیکن ہم کھانے میں کافی ہچکچاتے تھے کیونکہ ہمیں معلوم تھا کہ ہم انہیں کھانا نہیں کھلا سکتے۔

اداکارہ نے زارا اکبر کو دعا دیتے ہوئے کہا کہ پورے 9 مہینے اس خاتون نے مجھے کھانا کلایا ہے،اللہ پاک اسے بہت دے۔واضح رہے کہ جویریہ عباسی دل، دیا دہلیز، تمنا، گھسی پٹی محبت ، تانابانا ، دوراہا، بے قصور، بدگمان اور رقص بسمل سمیت دیگر ڈراموں میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔