بھارتی بیٹرز کو نیٹ پر بھی پاکستانی بولر کا سامنا،روہت اورکوہلی نے عرفان جونیئرکے بارے میں کیاکہا؟جانیں

سڈنی (قدرت روزنامہ)بھارتی بیٹرز نیٹ پر پاکستانی فاسٹ بولر محمد عرفان جونیئر کا سامنا کرنے کے بعد ان کی تعریف کئے بنا نہ رہ سکے۔بھارتی کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی نے محمد عرفان جونیئر کی فاسٹ بولنگ کی تعریف کی۔روہت شرما نے محمد عرفان جونیئر کو زیادہ بولنگ کرنے کا کہا۔محمد عرفان جونیئر کا بھارتی ٹیم نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں نیٹ سیشننز پر سامنا کیا۔بھارتی کرکٹ ٹیم کا اگلا میچ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں نیدر لینڈز کے خلاف ہے۔

پاکستانی فاسٹ بولر محمد عرفان جونیئر ان دنوں سڈنی میں ہیں اور ویسٹرن سبرب ڈسٹرکٹ کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔فرسٹ کلاس سیزن سے قبل محمد عرفان جونیئر فٹنس مسائل سے دوچار ہو گئے تھے اور فٹ ہونے کے بعد کسی ٹیم میں شامل نہ ہونے پر آسٹریلیا چلے گئے تھے۔محمد عرفان جونیئر کا کہنا ہے کہ نیٹ پر بہت اچھی بولنگ ہوئی ہے، مکمل ردہم میں ہوں۔انہوں نے کہا کہ روہت شرما اور ویرات کوہلی نے بہت تعریف کی اچھا لگا، کل بھی نیٹ سیشن میں شرکت کروں گا۔واضح رہے کہ فاسٹ بولر محمد عرفان جونیئر لاہور قلندرز کی جانب سے پاکستان سپر لیگ بھی کھیل چکے ہیں۔