اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایشین ڈیولپمنٹ بینک (اے ڈی بی) کی طرف سے ڈیڑھ ارب ڈالر جاری کیے جانے کی تصدیق کی ہے . اپنے بیان میں وزیر خزانہ نے کہا کہ اے ڈی بی نے معاہدے کے تحت ڈیڑھ ارب ڈالر جاری کر دیے ہیں .
انہوں نے مزید کہا کہ اے ڈی بی نے بریس پروگرام کے تحت پاکستان کو ڈیڑھ ارب ڈالر جاری کیے ہیں .
اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ الحمد للّٰہ، ایشین ڈیولپمنٹ بینک نے ڈیڑھ ارب ڈالر کی رقم اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) میں حکومت پاکستان کے اکاؤنٹ میں جمع کرائی ہے . اس سے قبل ایس بی پی کے ذرائع نے اے ڈی بی سے ڈیڑھ ارب ڈالرز پاکستان کو منتقل کیے جانے کی خوشخبری سنائی تھی .
رواں ہفتے کے آغاز میں حکومت پاکستان اور ایشین ڈیولپمنٹ بینک (اے ڈی بی) کے درمیان 1.5 بلین ڈالر قرض کا معاہدہ ہوا تھا .
اے ڈی بی کے بریس پروگرام کے تحت پاکستان کو قرض کی فراہمی معاہدے پر دستخط کی تقریب ہوئی، جس میں سیکریٹری اقتصادی امور کاظم نیاز اور کنٹری ڈائریکٹر اے ڈی بی یونگ ی نے دستخط کیے تھے . تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر سردار ایاز صادق اور ڈائریکٹر جنرل اے ڈی بی یوجین زوخوف موجود تھے .