پاکستان ہر فورم پر اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حق میں آواز اٹھاتا رہے گا، صدر مملکت

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر تنازعہ جموں و کشمیر کے حل کیلئے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حق میں ہمیشہ آواز اٹھاتا رہے گا . تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے 27 اکتوبر 2022ء کو کشمیر پر یوم سیاہ کے موقع پر پیغام جاری کیا گیا ہے .


انہوں نے کہا ہے کہ آج بھارتی زیر تسلط جموں و کشمیر پر ہندوستان کے غیر قانونی قبضے کے75 سال مکمل ہو چکے ہیں اور ہم گزشتہ ساڑھے سات دہائیوں سے بھارتی قابض افواج کے جاری مظالم کی مذمت کرنے اور حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی قربانیوں کو یاد کرنےکیلئے آج کے دن یوم سیاہ مناتے ہیں .


انہوں نے مزید کہا کہ اس دن پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی آزادی کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتی ہے . صدر مملکت نے کہا کہ بے گناہ کشمیری مردوں، عورتوں اور بچوں کی کئی نسلوں نے بھارتی بربریت، خونریزی اور تشدد کے سوا کچھ نہیں دیکھا ہے اور 5 اگست 2019ء کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات سے گزشتہ تین سالوں میں صورتحال مزید خراب ہوئی ہے، ان اقدامات کی مدد سے بھارتی آئین کے تحت جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر دیا گیا ہے .
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں لیکن ریاست جموں و کشمیر کی تقدیر کا حتمی فیصلہ اقوام متحدہ کے تحت ایک آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کی مدد سے کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہی کیا جائے گا .
وزیراعظم کا بیان:
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے کہ جب بھارت نے 1947 میں جموں و کشمیر پر غیر قانونی، غیر اخلاقی اور زبردستی قبضہ کیا تھا .


اپنے پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا، چاہے کتنی بھی قیمت ادا کرنی پڑے اور کشمیریوں کو ان کا جائز حق خودارادیت حاصل ہونے تک چین نہیں بیٹھے گا . انہوں نے کہا کہ یہ دن کشمیریوں کی ہمت کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کی بنا پر انہوں نے گزشتہ 75 سال سے زائد عرصے میں بھارتی قابض افواج کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے .
وزیراعظم نے کہا کہ آزادی کی خواہش کو زیادہ دیر تک دبایا نہیں جا سکتا ہے . انہوں نے مزید کہا کہ آج پاکستانی عوام کشمیریوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا عزم کرتے ہیں .
وزیراعظم نے کہا کہ تنازعہ کشمیر ساڑھے سات دہائیوں سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ہے . انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھائے . انہوں نے بھارتی حکومت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو فوری طور پر واپس لینے کا بھی مطالبہ کیا ہے .
وزیر خارجہ کا بیان:
پی پی پی چیئرمین و وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے یوم سیاہ پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 اکتوبر1947ع تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے . انہوں نے کہا ہے کہ 75 سال قبل آج کے دن بھارت دنیا میں بدترین غاصب اور استعماری ملک بن کر سامنے آیا اور دنیا کا سب سے بڑا جیل بنانے کے بعد بھارت اب مقبوضہ کشمیر کو سب سے بڑا قبرستان بنانے پر تلا ہوا ہے .
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت 75 سال ظلم اور جبر کے پھاڑ ڈھانے کے باوجود کشمیریوں کی تحریکِ آزادی کو دبانے میں ناکام ہوچکا ہے اور ایک لاکھ کشمیریوں کے قتل اور ہزاروں جبری گمشدگیوں کے باوجود کشمیری عوام کے جذبہ حریت میں کمی نہیں آئی ہے . وزیر خارجہ نے مطالبہ کیا ہے کہ دنیا مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالی کو روکے اور عالمی برادری کشمیریوں سے کیا گیا استصواب رائے کا اپنا وعدہ پورا کرے .
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھے گا . اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے جدوجہدِ خودارادیت کے دوران شہید ہونے والے کشمیریوں کو سلام پیش کیا .
قمر زمان کائرہ کا بیان:
مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ بھارتی قابض افواج کا کوئی جابرانہ حربہ کشمیری عوام کو حق خودارادیت کے راستے پر گامزن ہونے سے نہیں روک سکتا . یوم سیاہ کے موقع پر ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے یقین دلایا کہ بہادر کشمیری عوام جلد ظالموں کے چنگل سے آزادی حاصل کر لیں گے .
کشمیریوں کی جانب سے دی گئی بے پناہ قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے مشیر نے کہا کہ پاکستان ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا . انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے تمام عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو زبردستی اٹھایا ہے .
مشعال ملک کا پیغام:
مشعال ملک نے اپنے ویڈیوں پیغام میں کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947 کو ہندوستان نے پہلی بار اپنے ناپاک قدم کشمیر میں رکھے جس کے بعد سے اب تک لاکھوں گھر اب تک بھارتی فوج اجاڑ چکی ہے .
انہوں نے کہا کہ ہزاروں کشمیری خواتین کی بے حرمتی اور زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے اور ہزاروں کشمیریوں کو بھارتی فوج نے غائب کر رکھا ہے . انہوں نے مزید کہا کہ جو تحفے کو بھارت کی دہشگرد آرمی نے دیے، دنیا کی تاریخ میں ایسا نہیں ہے، ظلم بربریت کے باوجود 75 سال سے دنیا کی خاموشی پر اب تو ترس آرہا ہے .
27 اکتوبر، جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن
لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری جمعرات کو یوم سیاہ منا رہے ہیں تاکہ دنیا کو یہ مضبوط پیغام دیا جائے کہ وہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کرتے ہیں .
آج ہی کے دن بھارت نے سری نگر میں اپنی فوج داخل کرکے مقبوضہ کشمیر پر اپنا تسلط قائم کیا تھا جس کی وجہ سے کشمیری ہرسال اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں . یوم سیاہ کے حوالے سے آزاد کشمیر کے دارالحکومت میں بھارتی قبضے کے خلاف جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی . اسکے علاوہ کشمیرلبریشن کمیشن کے زیر اہتمام مرکزی تقریب اولڈ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگی جس سے وزیر اعظم آزاد کشمیر سمیت سیاسی جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے .
اس دن کو بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں عوام کی طرف سے مکمل شٹر ڈاؤن اور سول کرفیو کے ذریعے منایا جائے گا . 27 اکتوبر کا دن ایسا سیاہ ترین دن ہے کہ جس کو کشمیر کے رہنے والے خواہ وہ کہی بھی آباد ہوں اس دن کو بھر پور طریقے سےسیاہ ترین دن کے طور پر ہی مناتے ہیں . اس دن ہندوستان نے اقوام متحدہ اور تمام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی افواج کو کشمیر کے اندر اتارا اور کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا .

. .

متعلقہ خبریں