الیکشن کمیشن نے فریال تالپور نااہلی کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے فریال تالپور نااہلی کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان میں فریال تالپور نا اہلی کیس کی سماعت آج ہوئی جس میں فریقین کے وکلاء کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ میری درخواست بہت کلیئر ہے، فریال تالپور نے اثاثے صحیح طریقے سے ڈیکلیئر نہیں کئے اور حقائق کو چھپایا گیا ۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے مانا کہ صرف ایف بی آر میں اثاثے ڈیکلیئر کئے ہیں۔
فریال تالپور کے وکیل کمیشن کے سامنے پیش ہوئے اور بتایا کہ یہ نان ڈیکلیریشن کا کیس نہیں ہے کیونکہ تمام اثاثوں کو ڈیکلیئر کیا گیا ہے جس کے بعد ان کا کیس تو یہاں پر ختم ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پراپرٹیز کو اپنے وقت پر ڈیکلیئر کیا گیا ہے جس پر ممبران کمیشن نے کہا کہ آپ ریکارڈ سے دکھا دیں، پھر کیس ہی ختم ہوجائیگا۔
فریال تالپور کے وکیل نے کہا کہ اگر اسپیکر غلطی کرے تو میں اس کا ذمہ دار نہیں ہوں، میں تو کہتا ہوں اسپیکر کو کرنا چاہیے تھا اور مجھے اس خط کا پتہ نہیں جس کا آپ ذکر کررہے ہیں۔اس موقع پر ممبران کمیشن نے کہا کہ اسپیکر نے کہا کہ میرا اختیار نہیں ہے یہ الیکشن کمیشن کا کام ہے جس پر فریال تالپور کے وکیل نے کہا کہ سپیکر نے یہ سوال بھیجا ہی نہیں الیکشن کمیشن کو کہ آپ فیصلہ کریں۔
ممبران کمیشن نے سوال کیا کہ کیا یہ وہی پراپرٹی ہے جو آپ نے ڈیکلیئر کی ہے ؟ جس پر فریال تالپور کے وکیل نے کہا کہ مجھے ٹائم دے دیں تاکہ سرٹیفیکیٹ لیکر آسکوں۔بعدازاں الیکشن کمیشن نے فریال تالپور نا اہلی کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔