آزادی کی خواہش کو زیادہ دیر تک دبایا نہیں جا سکتا، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم سیاہ کے موقع پر کہا ہے کہ 27 اکتوبر کشمیریوں کی ہمت اور عزم کے اظہار کا دن ہے، آزادی کی خواہش کو زیادہ دیر تک دبایا نہیں جا سکتا۔وزیراعظم شہباز شریف نے یوم سیاہ کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا ہے۔


وزیراعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پر کہا ہے کہ ستائیس اکتوبر کشمیر پر بھارت کے جبراً قبضے کے خلاف بطور یوم سیاہ منایا جاتا ہے، بھارت نے کشمیر پر 27 اکتوبر1947 کو غیر قانونی، غیر اخلاقی طور پر قبضہ کیا تھا۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ ستائیس اکتوبر کشمیریوں کی ہمت اور عزم کے اظہار کا دن ہے، کشمیری 75سال سے بھارت کی قابض فورسز کے خلاف کھڑے ہیں، آج پاکستانی عوام کشمیریوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔


وزیراعظم شہباز شریف کا اپنے ٹوئٹ میں لکھنا ہے کہ کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد میں پاکستانی شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا عزم کرتے ہیں، دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آنکھیں بند نہیں کرنی چاہئیں۔
27 اکتوبر کا پسِ منظر
یاد رہے کہ ہر سال 27 اکتوبر کو کشمیری ساری دنیا میں یوم سیاہ مناتے ہیں، 27 اکتوبر 1947ءکو بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں داخل ہوئیں تھیں اور اس وقت بھارت کے وزیر اعظم جواہر لال نہرو نے ساری دنیا کے سامنے یہ بیان دیا تھا کہ یہ فوجیں ہم نے ریاست جموں وکشمیر میں امن قائم کرنے کے لیے بھیجی ہیں۔
اُنہوں نے ایک ٹیلی گرام کے ذریعے حکومت پاکستان اور برطانیہ کو یہ بھی کہا تھا کہ کشمیر کا الحاق بھارت کے ساتھ اس وقت ہو سکتا ہے جب کشمیر کے عوام استصواب رائے سے یہ فیصلہ کریں، یہ بات انہوں نے بھارتی پارلیمنٹ میں بھی کہی لیکن یہ تاریخ کا بہت بڑا جھوٹ تھا۔بھارت نے یہ سب ڈرامہ کشمیر کے بہت بڑے حصہ پر قبضہ کرنے کے لیے کیا تھا۔