سونے کی قیمت میں ایک بار پھر بڑا اضافہ

کراچی(قدرت روزنامہ) عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخ کم ہوئے ہیں لیکن ملکی سطح پر سونے کی قیمت میں اگلے روز بھی بڑا اضافہ ہوا ہے۔عالمی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 5 ڈالر کی کمی سے 1663 ڈالر کی سطح پر آنے کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں جمعرات کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 1800 روپے اور 686 روپے کا اضافہ ہوگیا۔
نتیجے میں ملکی سطح پر فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر ایک لاکھ 51 ہزار اور فی دس گرام قیمت ایک لاکھ 29 ہزار 458 روپے کی سطح پر آگئی۔اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1580 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 1354.60 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔
واضح رہے کہ بدھ کو بھی عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 24 ڈالر کمی ہوئی لیکن پاکستان میں سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمتوں میں بالترتیب 1800 اور 1542 روپے اضافہ ہوا تھا۔