میں اپنے شوہر سے زیادہ امیر ہوں؛ ایمان علی کا انکشاف

لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور سپر ماڈل اور اداکارہ ایمان علی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنے شوہر سے زیادہ امیر ہیں۔حال ہی میں اداکارہ نے اپنی فلم ٹچ بٹن کی تشہیر کے دوران ایک انٹرویو دیا جس میں انہوں نے اپنی غربت، جدوجہد اور امیر ہونے کے بارے میں انکشاف کیا۔
اداکارہ ایمان نے بتایا کہ میں نے غربت دیکھی ہے،میں استعمال شدہ کپڑے پہن کر بڑی ہوئی ہوں، میں نے اپنی شادی کا خرچ خود اٹھایا، مجھے یاد نہیں کہ میں نے عید کے نئے کپڑے کبھی سلائے تھے،ان سب کے باوجود محنت جاری رکھی اور پیسے بچانے کے سمجھدار طریقے تلاش کیے۔


انہوں نے دورانِ انٹرویو انکشاف کیا کہ میں اپنے شوہر بابر سے زیادہ امیر ہوں،اور یہ ایک حقیقت ہے، میں نے اپنی کمائی ہوئی ایک ایک پائی بچائی اور پھر اسے جائیداد خریدنے میں استعمال کیا، میں نے پلاٹ اور گھر خریدے اور یہاں تک کہ بابر کو یہ چیز پسند ہے اور وہ تسلیم کرتا ہے کہ میں اس سے زیادہ امیر ہوں۔

اس سے قبل اداکارہ کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو انہیں ان کے لباس اور بولڈ انداز کی وجہ سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔



یاد رہے کہ ایمان علی نے ماہِ میر، بول، خدا کے لیے اور کئی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔