چینی اور پاکستانی کمپنی کے مابین ہائی وے کی تعمیر کے لیے 43ملین ڈالر کے معاہدے پر دستخط
بیجنگ (قدرت روزنامہ)سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ پاکستان فرینہ مظہر نے کہا ہے کہ چین پاکستان میں سب سے بڑا سرمایہ کار ہے ، اسکا پاکستان میں خالص سرمایہ کاری میں 36فیصد حصہ ہے،سی پیک کے تحت تمام صنعتی کارپوریشن منصوبے تیسرے فریق کے لیے بھیکھلے ہیں، ہم پاکستان میں آپ کے اعلی معیار کی سرمایہ کاری کے منتظر ہیں جبکہ B2Bاور P2Pتعاون کو بڑھا رہے ہیں ۔ چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق ”بیلٹ اینڈ روڈ”(بی آر آئی) انویسٹمنٹ پرموشن کانفرنس چین کے ننگزیا ہوا خودمختار علاقے میں منعقد ہوئی۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ پاکستان فرینہ مظہر نے شرکا کو آگاہ کیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک )کے آغاز کے بعد سے چین 8بلین امریکی ڈالر کی ایف ڈی آئی اور 2.1بلین امریکی ڈالر کے آئوٹ سورس کیساتھ پاکستان میں سب سے بڑا سرمایہ کار رہا ہے اس طرح اسکا پاکستان میں خالص سرمایہ کاری میں 36فیصد حصہ ہے۔انہوں نے مزید زور دیا کہ سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز (SEZs)صرف چینی کاروباری اداروں تک محدود نہیں ہیں اور یہ کہ سی پیک کے تحت تمام صنعتی کارپوریشن منصوبے تیسرے ملک کی شرکت کے لیے بھی کھلے ہیں۔ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اس نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستانی مراعات، جیسے ایک بار کسٹم چھوٹ اور زون ڈویلپرز اور انٹرپرائز دونوں کے لیے 10سالہ انکم ٹیکس چھوٹ متعارف کرائی۔خصوصی اقتصادی زون سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے بورڈ آف انویسٹمنٹ کی طرف سے اور چائنا کونسل فار انٹرنیشنل انویسٹمنٹ پروموشن کے تعاون سے تیار کردہ آن لائن پورٹل بھی فراہم کیے گئے ہیں۔انہوںنے کہا 2021میں 5.6فیصد تک عالمی معیشت کی توسیع متوقع ہے، 80سالوں میں کساد بازاری کے بعد کی سب سے مضبوط بحالی کہہ سکتے ہیں، ”مواقع کی دنیا کھل گئی ہے، جس سے صنعتی B2Bتعاون کے بنیادی اصول طے ہوئے ہیں۔ ”مواقع، مستقبل، پائیداری” کے موضوع کے ساتھ، فورم میں معاہدوں پر دستخط بھی کیے گئے ۔ ننگزیا کمیونیکیشن کنسٹرکشن کمپنی لمیٹڈ نے پاکستان کی نعمان کنسٹرکشن کمپنی کے ساتھ ہائی وے کی تعمیر کے لیے 43ملین امریکی ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے جس میں رہوڈ لینڈ کو ملتان پنجاب سے ملانے کے لیے ایک کراس ریلوے پل بھی شامل ہے۔ کمپنی کے عملے نے چائنا اکنامک نیٹ کو بتایا کہ امید ہے کہ یہ تعمیر حال ہی میں شروع ہو گی اور تقریبا دو سال میں مکمل ہو جائے گی۔ سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ نے خصوصی اقتصادی زونزمیں بین الاقوامی سرمایہ کاری کی دعوت دی ۔ ننگزیا کمیونیکیشن کنسٹرکشن کمپنی لمیٹڈ پاکستان کی نعمان کنسٹرکشن کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا۔ چینی وزارت تجارت اور ننگزیا ہوا خودمختار علاقے کی حکومت کی میزبانی میں اس کانفرنس کا مقصد بیلٹ اینڈ روڈ کی مشترکہ تعمیر اور پائیدار ترقی کے لیے دو طرفہ سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ یہ کانفرنس پانچویں چین عرب اسٹیٹ ایکسپو کا حصہ ہے جس کا افتتاح ننگزیا میں کیا گیا ہے۔ چین کے نائب وزیر تجارت کیان کیمنگ، چین کے ایکسپورٹ امپورٹ بینک کے نائب صدر سن پنگ، چائنا سنٹر فار انٹرنیشنل اکنامک ایکسچینج کے چیف ریسرچر ژانگ یان شنگ، چائنا انٹرنیشنل کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن، چائنا کمیونیکیشن کنسٹرکشن گروپ، کے پی ایم جی کے نمائندے، اور مصر اور متحدہ عرب امارات کے سینئر مہمانوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔