کراچی: ٹریفک جام میں شہریوں کو لوٹنے والے 8 رکنی گروہ کے 4 ملزم گرفتار

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں ٹریفک جام کے دوران شہریوں کو لوٹنے والے 8 رکنی گروہ کے 4 ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کو پکڑنے کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔کراچی کے ضلع سینٹرل کی سر سید ٹاؤن پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزمان کے گروہ کے 4 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق نوید، ساگر عباسی، آصف اور رضا عباس کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے 10 موبائل فون، 4 پستول، 8 راؤنڈ، پرس اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ترجمان کے مطابق ملزمان قیوم آباد اور سرجانی ٹاؤن کے رہائشی ہیں اور قیوم آباد سے سرجانی کے روٹ پر ہی واردات کرتے ہیں، ملزمان کا 8 رکنی گروہ ہے اور ان کا جنوبی پنجاب سے تعلق ہے۔
ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ بلوچ کالونی پُل، حسن اسکوائر، لیاقت آباد اور ناگن چورنگی برِجز پر ٹریفک جام کے دوران شہریوں کو لوٹتے اور فرار ہو جاتے ہیں۔ملزمان نے انکشاف کیا کہ 4 موٹر سائیکلوں پر 8 ملزمان مسلح سوار ہو کر چائے کے ہوٹلوں پر بیٹھے ہوئے شہریوں کو بھی لوٹتے تھے۔ملزمان کا سرسید پولیس سے ایک ہفتہ قبل مقابلہ ہوا تھا، اس دوران ملزمان پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔