آرمی چیف سے فرانسیسی سفیر کی ملاقات، باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آرمی چیف اور فرانسیسی سفیر کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان میں فرانس کے سفیر ہز ایکسیلینسی مسٹر نکولس گیلی نے آج جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات میں دفاع سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ بھی کیا گیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم مشترکہ مفادات کی بنیاد پر باہمی فائدہ مند کثیر ڈومین تعلقات کو بڑھانے کے لیے پر امید ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ معزز مہمان نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ معزز مہمان نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔