لانگ مارچ لنگڑا مارچ ثابت ہوگا، حافظ حمد اللّٰہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ لنگڑا مارچ ثابت ہو گا، عمران خان کا مقصد نہ انتخاب ہے نہ انقلاب وہ مرضی کے آرمی چیف کے لیے بے تاب ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ جس نے پالا پوسا، جتوایا، اقتدار دیا، 4 سال چلایا، اسی کو آج عمران خان آنکھیں دکھا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی عادت ہے جس تھالی میں کھاتے ہیں اسی میں چھید کرتے ہیں، جس کو تم پارٹنر کہتے رہے ان کے ڈکٹیشن پر حکومت چلاتے رہے، آج اسی کو چوکیدار کے طعنے دے کر تضحیک اور تذلیل کر رہے ہو۔
پی ڈی ایم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عمران خان سن لے پی ڈی ایم آئین اور جمہوریت پر کسی قسم کی کمپرومائز نہیں کرے گی۔حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ آپ کو تکلیف نیوٹریلٹی سے ہے اور نیوٹریلٹی کی سیٹی بج چکی ہے اور یہ آئینی سیٹی ہے۔