بارش اور برفباری کا الرٹ جاری

لاہور (قدرت روزنامہ)پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے صوبے میں بارش اور برف باری کا الرٹ جاری کر دیا . پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ آج شام ملک میں داخل ہو گا، جس کے تحت 5 سے 7 نومبر تک لاہور، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ اور نارووال میں بارش کا امکان ہے .


اس سسٹم کے تحت گوجرانوالہ، گجرات، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، حافظ آباد، جھنگ اور فیصل آباد میں بھی بارش ہو سکتی ہے . مغربی ہواؤں کے سلسلے کے تحت مری، اسلام آباد، گجرات، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں 5 اور 6 نومبر کو موسلا دھار بارش متوقع ہے . 6 نومبر کی شام سے 7 نومبر تک ملتان، ڈی جی خان، بھکر اور لیہ میں درمیانی بارش متوقع ہے .
ساہیوال، اوکاڑہ، راجن پور اور مظفر گڑھ میں بھی بارش ہو سکتی ہے جبکہ پہاڑوں پر برف باری اور چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے . بالائی علاقوں میں دن میں درجۂ حرارت میں 5 سے 7، جنوبی علاقوں میں 2 سے 4 سینٹی گریڈ کمی کا امکان ہے . بارش کا سلسلہ ختم ہوتے ہی ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہوں گے .
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق بارش سے چاول کی کٹائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، تاہم یہ بارش گندم کی بوائی میں فائدہ مند ثابت ہو گی . ترجمان پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ پنجاب بھر کی انتظامیہ ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل رکھے . پی ڈی ایم اے کی جانب سے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کے عملے کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے .

. .

متعلقہ خبریں