طلاق ہوگئی ہے تو کیا میں خودکشی کرلوں؟
لاہور (قدرت روزنامہ)اداکار عمران اشرف سے طلاق کے بعد سابق اہلیہ کرن اشفاق نے تنقید کرنے والوں کو سخت جواب دے دیا۔کرن اشفاق نے انسٹاگرام اسٹوری پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ میں اس بے وجہ تنقید سے تنگ آ گئی ہوں، ہر کوئی مجھ پر تنقید کر رہا ہے، بالخصوص خواتین یہ لوگ کیا چاہتے ہیں کہ میں خودکشی کر لوں؟
اپنی اس پوسٹ میں کرن نے کچھ خواتین کے کمنٹس کے اسکرین شاٹس بھی شیئر کیے اور لکھا کہ میں ایسے کمنٹس سے عاجز آ گئی ہوں۔کرن کی طرف سے جو اسکرین شاٹس شیئر کیے گئے، ان میں ایک خاتون نے لکھ رکھا تھا کہ مجھے یہ دیکھ کر شدید جھٹکا لگا کہ تم طلاق کے بعد کس طرح نارمل زندگی گزار رہی ہو۔
View this post on Instagram
اس تبصرے پر کرن نے لکھا کہ ہمارے معاشرے میں اگر لڑکی کو طلاق ہو جائے تو لوگ اسے زندہ نہیں رہنے دیتے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے اپنی چار سالہ شادی کے خاتمے کے متعلق بتاتے ہوئے عمران اشرف نے لکھا تھا کہ بوجھل دل کے ساتھ میں اعلان کرتا ہوں کہ ہم باہمی رضامندی کے ساتھ باعزت طریقے سے الگ ہو رہے ہیں۔