ہرسیر گاڑی سعودی عرب میں ڈیزائن اور تیار کی جائے گی،ولی عہد نے افتتاح کردیا
ریاض (این این آئی)سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمدبن سلمان نے مملکت میں برقی گاڑی کے پہلے برانڈ سیر کا اعلان کیا ہے . یہ برانڈ سعودی عرب کے آٹوموٹیو مینوفیکچرنگ کے شعبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے گا .
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس موقع پر سعودی ولی عہد نے ایک بیان میں کہا کہ برقی گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنی کا آغاز پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) کی حکمتِ عملی کے مطابق ہے . اس کا مقصد مقامی طور پرایسے شعبوں میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانے پرتوجہ مرکوزکرنا ہے جو ویژن 2030 کے اہداف کے حصول میں مدددے سکیں اور معیشت کے تنوع کو فروغ دینے میں مدد کرسکتے ہیں . اس کے علاوہ، برقی گاڑیاں تیارکرنے والی یہ نئی کمپنی کاربن کے اخراج میں کمی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب کی کوششوں میں حصہ لے گی . ولی عہد نے کہا:سعودی عرب صرف ایک نیا آٹوموٹیو برانڈ تیارنہیں کررہا ہے، بلکہ ہم پی آئی ایف کی حکمتِ عملی کے حصے کے طور پر ویژن 2030 کے مطابق اقتصادی ترقی کومہمیز دینے کے لیے ایک نئی صنعت اور ایک ایسے ماحولیاتی نظام کو فروغ دے رہے ہیں جو بین الاقوامی اور مقامی سرمایہ کاری کو اپنی طرف متوجہ کرتاہے، مقامی ٹیلنٹ کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرتا ہے،
نجی شعبے کو قابل بناتا ہے اورآیندہ دہائی میں سعودی عرب کی مجموعی قومی پیداوار(جی ڈی پی) میں اضافے میں اپنا کردار ادا کرے گا . سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سیرپہلا سعودی آٹوموٹیو برانڈ ہے جو مملکت میں الیکٹرک گاڑیاں تیارکرے گا . سیرکمپنی سعودی عرب کے علاوہ مشرقِ اوسط اور شمالی افریقا(مینا) کے خطے میں صارفین کے لیے متعدد گاڑیاں ڈیزائن، تیاراور فروخت کرے گی . ان میں سیڈان اوراسپورٹس یوٹیلیٹی گاڑیاں شامل ہیں . ہرسیر گاڑی سعودی عرب میں ڈیزائن اور تیار کی جائے گی اور وہ 2025 تک مارکیٹ میں دستیاب ہوگی . کمپنی کا مقصد مملکت میں 15 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور 30،000 براہ راست اور بالواسطہ ملازمتیں پیدا کرنا ہے . یہ بھی تخمینہ لگایا گیا ہے کہ 2034 تک سعودی عرب کی جی ڈی پی میں برقی گاڑیوں کی صنعت کا براہ راست حصہ آٹھ ارب ڈالر ہوگا . یہ نئی کمپنی پی آئی ایف اور ہون ہائی پریسیشن انڈسٹری کمپنی (فاکس کون) کا ایک مشترکہ منصوبہ ہے . ایس پی اے کے مطابق، یہ گاڑیوں کی تیاری کے عمل میں استعمال کے لیے بی ایم ڈبلیو سے پرزوں کی ٹیکنالوجی کا لائسنس لے گی،جبکہ فاکس کون برقی گاڑیوں کوتیار کرے گی . اس کے نتیجے میں مصنوعات کا ایک پورٹ فولیو تیار ہوگا جوتفریح (انفوٹینمنٹ)، مربوط رابطے (کونیکٹیوٹی)اور خود مختار ڈرائیونگ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں رہنمائی کرے گا . ہون ہائی ٹیکنالوجی گروپ کے چیئرمین ینگ لیو نے کہا:فاکس کون پی آئی ایف کے ساتھ اپنی شراکت داری کے بارے میں پرجوش ہے تاکہ ایک نئی آٹوموٹیو کمپنی تشکیل دی جاسکے جو سعودی عرب میں برقی گاڑیوں کے ڈیزائن اور مینوفیکچرنگ پر توجہ مرکوز کرے گی . ہم الیکٹرک گاڑیوں کو مرکزی دھارے میں لانا چاہتے ہیں اور یہی وہ چیزہے جو سیربرانڈ سعودی عرب اور وسیع تر خطے میں کرنے جارہا ہے .
. .