ارشد شریف پر گولیاں جدید آتشی اسلحہ سے چلائی گئیں
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کینیا میں قتل کیے گئے صحافی ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ جیو نیوز نے حاصل کرلی۔پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ارشد شریف کی موت کی وجہ ایک سے زائد زخم کو قرار دیا گیا ہے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ارشد شریف کے سر میں بائیں جانب سے گولی لگی جس سے دماغ میں زخم ہوا، دوسری گولی کمر کے اوپر کے حصے میں دائیں جانب لگی۔
رپورٹ کے مطابق ارشد شریف کو کمر کے اوپر لگنے والی گولی سینے کی دائیں جانب سے ہی نکل گئی جبکہ دوسری گولی سے پھیپھڑے کو نقصان پہنچا۔
ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دونوں گولیاں درمیانی فاصلے سے جدید آتشی اسلحہ سے چلائی گئیں۔
پوسٹ مارٹم کرنے والی ٹیم نے مزید تحقیق کے لیے باڈی کے مختلف حصوں سے نمونے بھی حاصل کیے۔
ارشد شریف کی موت کب اور کیسے ہوئی؟
واضح رہے کہ 22 اور 23 اکتوبر کی درمیانی شب کینیا میں موجود صحافی ارشد شریف کو گاڑی میں جاتے ہوئے کینین پولیس نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔
ارشد شریف کی تدفین
27 اکتوبر کو ارشد شریف کی نماز ِجنازہ اسلام آباد میں فیصل مسجد میں ادا کی گئی تھی جس کے بعد انہیں ایچ الیون قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا تھا۔